پارلیمان کی بالادستی جمہوری نظام کے استحکام کی ضامن ہے، پاکستان آئی پی یو کے ساتھ مل کر عالمی امن، جمہوریت اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا ، سردار ایاز صادق

5

اسلام آباد۔29جون (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پارلیمان کی بالادستی جمہوری نظام کے استحکام کی ضامن ہے، پاکستان کی قومی اسمبلی آئی پی یو کے ساتھ مل کر عالمی امن، جمہوریت اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گی ۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کےڈائریکٹوریٹ جنرل آف میڈیاکی طرف سے جاری بیان کے مطابق یہ بات سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے عالمی یوم پارلیمنٹرینز کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی جو کل پیر کو منایا جا رہا ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ ایک فعال، شفاف اور مؤثر پارلیمان عوامی امنگوں کی حقیقی ترجمان ہوتی ہے اور جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔انہوں ننے کہا کہ پاکستان کی قومی اسمبلی بین الپارلیمانی یونین (آئی پی یو) کا متحرک اور فعال رکن ہے اور عالمی سطح پر جمہوریت، انسانی حقوق اور قانون کی حکمرانی کے فروغ میں اپنا مثبت کردار ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فعال پارلیمان کے قیام کے لیے عوامی شراکت داری، شفافیت اور احتساب کو فروغ دینا ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قومی اسمبلی نہ صرف پارلیمانی خودمختاری کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے بلکہ ملک میں جمہوری اقدار کے فروغ، قانون کی حکمرانی اور بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ میں بھی سرگرم ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ قومی اسمبلی آئی پی یو کے ساتھ مل کر عالمی امن، جمہوریت اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔انہوں نے علاقائی امن و ترقی کے لیے پارلیمانی روابط کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ بین الپارلیمانی تعاون نہ صرف باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دیتا ہے بلکہ خطے میں دیرپا استحکام کی بنیاد بھی رکھتا ہے۔