اسلام آباد۔9اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و قانون چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ سپریم ادارہ ہے، کوئی ادارہ پارلیمنٹ سے بالاتر نہیں، ہم چاہتے ہیں کہ آئین کے مطابق انتخابات ہوں، تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر انتخابات کے لئے لائحہ عمل بنانا چاہئے۔
ہفتہ کو پارلیمنٹ ہائوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پوری اپوزیشن آئین شکن ہے، پارلیمنٹ سپریم ادارہ ہے، کوئی ادارہ پارلیمنٹ سے بالاتر نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ابھی بیس بیس اوور کا میچ باقی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ آئین کے مطابق انتخابات ہوں، تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر اس ضمن میں لائحہ عمل مرتب کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کیلئے پانچ مہینے سے زیادہ وقت مانگا جا رہا ہے، ملک اس طرح نہیں چل سکتا، سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے معیشت بھی تباہ ہو رہی ہے۔
چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ہم الیکشن کی طرف چلے جاتے تو یہ بحران ہی ختم ہو جاتا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے دوستوں سے بھی آج بات ہوئی ہے، ہر ایک ذہنی طور پر الیکشن کی طرف جانے کو تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ فوج اور عدلیہ کا کام نہیں ہے کہ وہ ہر وقت سیاستدانوں کے مسائل حل کرتے پھریں، سیاستدانوں کو اپنے پائوں سے آگے بڑھ کر سوچنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاستدان آپس میں مل کر بیٹھیں اور شفاف الیکشن کا فریم ورک طے کریں، یہ سارا ڈرامہ ختم ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے ضمیر خریدنے کے لئے منڈی لگا رکھی ہے، اس طرح خچروں کا بازار لگا کر کرائسز ختم نہیں ہوتے۔
مارشل لاء کے حوالے سے صحافی نے سوال کیا کہ ملک میں مارشل لاء لگ گیا تو اس کا ذمہ دار کون ہوگا جس پر وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مارشل لاء لگنے کے ذمہ دار بے ضمیر لوگ ہوں گے۔