پارلیمنٹ مشترکہ مسائل پر غور کرنے اور قابل عمل حل تلاش کرنے کا صحیح پلیٹ فارم ہے، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا کانفرنس سے خطاب

131

اسلام آباد۔3ستمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ مشترکہ مسائل پر غور کرنے اور قابل عمل حل تلاش کرنے کا صحیح پلیٹ فارم ہے۔ پاکستان میں توانائی کا شعبہ کئی دہائیوں سے چیلنجز سے نبرد آزما ہے، اگرچہ پاکستان لوڈ شیڈنگ کے مسئلے سے نمٹنے میں کامیاب ہو گیا ہے تاہم توانائی کے شعبے کو معقول بنانا اور سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نےمنگل کو یہاں ’’پاکستان میں بجلی کی تقسیم کے نظام کے تزویراتی اختیارات پر پارلیمانی مشاورت‘‘ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ توانائی کی قیمت ایک عالمی چیلنج ہے۔ترقی یافتہ ممالک میں بھی توانائی کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں جیسا کہ پاکستان میں ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت لائف لائن صارفین کے لیے توانائی کی قیمت کو معقول بنانے کے لیے پرعزم ہے۔صحیح کام کے لیے صحیح شخص کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کے سپیکر کی حیثیت سے حلف اٹھانے کے فوراً بعد انہوں نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے تمام عہدیداروں اور افسروں کے انٹرویوز لیے تاکہ صحیح کام کے لیے صحیح شخص کو تعینات کیا جا سکے۔

انہوں نے انسانی وسائل کو ان کی نشوونما اور ارتقاء کے لیے بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ خطے کی پہلی "گرین پارلیمنٹ” بن گئی ہے۔ انہوں نے قابل تجدید توانائی کے ذرائع کے استعمال پر بھی زور دیا۔ایم این اے ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سستی سے سستی توانائی کی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے تقریب میں شرکت پر قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق کا بھی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے توانائی سے منسلک مسائل کو اٹھایا جن کا ہر پاکستانی کو سامنا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ توانائی کا بحران ایک بڑی رکاوٹ ہے جو ملک کی اقتصادی اور ملک کی مجموعی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے۔