پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں موجود تمام جماعتوں کے اراکین پارلیمنٹ کے اجلاس کا انعقاد

122

اسلام آباد۔8اگست (اے پی پی):پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں موجود تمام جماعتوں کے اراکین پارلیمنٹ کا اجلاس جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس میں ہوا۔ اجلاس کی صدارت پارلیمنٹرینز فار گلوبل ایکشن (پی جی اے) کے صدر سید نوید قمر نے کی ۔ پی جی اے قانون سازوں کا ایک غیر سرکاری، کثیر الجماعتی، بین الاقوامی نیٹ ورک ہے جو اپنی انفرادی صلاحیتوں میں کام کر رہا ہے جس کا مقصد منصفانہ، محفوظ، پائیدار اور جمہوری دنیا کے لیے قواعد پر مبنی بین الاقوامی سفارشات کی تشکیل میں حصہ ڈالنا ہے۔ پی جی اے کے صدر سید نوید قمر نے تنظیم کی اہمیت اور 1978 میں اس کے قیام کے بعد سے اس کی نمایاں کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے اراکین پارلیمنٹ کو پی جی اے میں شامل ہونے اور انسانی حقوق اور قانون کی حکمرانی کو آگے بڑھانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ مظلوم فلسطینی عوام کی حالت زار پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس طرح کے فورمز جارحیت اور بربریت کے متاثرین کے لیے اجتماعی آواز اٹھانے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے شرکاء کو یہ بھی بتایا کہ پاکستان کی قومی اسمبلی 28 سے 29 اکتوبر 2024 کو بین الاقوامی فوجداری عدالت اور قانون کی حکمرانی (CAP-ICC) کے بارے میں پارلیمنٹرینز کی 13ویں مشاورتی اسمبلی کے ساتھ پی جی اے کے 45ویں سالانہ فورم کی میزبانی کر رہی ہے۔

اراکین پارلیمنٹ نے سید نوید قمر کو پی جی اے کاصدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ یہ نہ صرف ان کی کامیابی ہے بلکہ پوری پارلیمنٹ اور پوری قوم کے لیے فخر کی بات ہے۔ اراکین پارلیمنٹ نے پی جی اے کی سرگرمیوں میں بھی گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور اکتوبر میں پی جی اے کی پاکستان میں ہونے والی کانفرنس کو کامیاب بنانے کے لیے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ اجلاس میں وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ اور پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے اراکین پارلیمنٹ نے شرکت کی جس میں خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری اور دیگر معروف پارلیمنٹیرینز نے ورچوئل شرکت کی ۔