پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے مختلف سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی رہنماﺅں کا خطاب

71

اسلام آباد ۔ یکم مارچ(اے پی پی) یکم مارچ۔پارلیمان میں مختلف سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی رہنماﺅں نے کہا ہے کہ جنگیں مسئلے کا حل نہیں، پاکستان اور بھارت کو بات چیت سے مسائل حل کرنے چاہئیں اور امن کے قیام اور غربت کے خاتمے کے لئے جنگ لڑنی چاہیے، انتہا پسندی کی ذہنیت دونوں ممالک کی مشترکہ دشمن ہے۔ جمعہ کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آغاز حسن بلوچ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت ایٹمی طاقت ہیں، جنگ میں کسی کا فائدہ نہیں ہے، امن میں سب کی بہتری ہے، ایسے اقدامات کئے جائیں جن سے امن کو تقویت پہنچے۔ صابر قائم خانی نے کہا کہ بھارت نے جارحیت کر کے پاکستانی قوم کو متحد کیا ہے، آج ملک میں قیام پاکستان کے وقت کا جذبہ بیدار ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کم وسائل کے باوجود ہماری مسلح افواج نے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنا دیا ہے، بھارتی میں سیکولرازم کا نعرہ لگانے والا آج کوئی نہیں ہے، بھارت میں اقلیتیں اپنے آپ کو غیر محفوظ سمجھ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امن کے قیام اور غربت کے خاتمے کی جنگیں لڑنی چاہیے۔ طاہر بزنجو نے کہا کہ دوسری عالمی جنگ کے بعد یورپ کی قیادت نے اپنی غلطیوں کو درست کیا اور یہی وجہ ہے کہ یورپ میں اس کے بعد جنگیں نہیں ہوئیں، برصغیر کے دو اہم ممالک کو اس سلسلے میں یورپ کی پیروی کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ انتہا پسندی کی ذہنیت دونوں ممالک کا مشترکہ دشمن ہے، آگ اور خون سے مسائل حل نہیں ہوتے، ہم عالمی برادری سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ مسئلہ کشمیر کو پر امن طریقے سے حل کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ 26 فروری کی جارحیت پر پوری قوم کو غم و غصہ تھا لیکن 27 فروری کی صبح وہ نوید لے کر آئی کہ پاکستان ایک زندہ قوم ہے اور ہماری افواج جارح قوم کو بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے، میں افواج پاسکتان بالخصوص حسن صدیقی اور ان کے رفقاءکو خراج تحیسن پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ او آئی اجلاس کے حوالہ سے مشترکہ فیصلے کی حمایت کرتے ہیں لیکن بھارتی پائلٹ کو رہا کرنے کے فیصلے سے وہ اتفاق نہیں کرتے، بھارتی پائلٹ جارح ملک کا فوجی تھا اس سلسلے میں جلد بازی ضروری نہیں تھی، ہمارے قیدی بھی بھارتی جیلوں میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر تمام تنازعات کی جڑ ہے، پاکستان سیاسی، اخلاقی اور سفارتی محاذ پر کشمیریوں کا ساتھ دے رہا ہے، کشمیریوں کو اپنی جدوجہد میں کامیابی ملے گی۔