راولپنڈی۔30اگست (اے پی پی):پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) راولپنڈی کی جانب سے شہر بھر میں شجر کاری مہم زور و شور سے جاری ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے احمد حسن رانجھا کی خصوصی ہدایات پر کالٹکیس روڈ پر شجر کاری تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں بزرگ شہریوں نے شرکت کی۔ تقریب کے شرکاء نے پودے لگا کر پی ایچ اے کے کلین اینڈ گرین مشن سے یکجہتی کا اظہار کیا۔
بزرگ شہریوں کا کہنا تھا کہ عوام کو اس صحت مند سرگرمی میں شامل کرنا خوش آئند اقدام ہے۔ شجر کاری سے نہ صرف شہر کے موسم پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے بلکہ انسانی اور حیوانی زندگی کے لیے بھی یہ انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔
پی ایچ اے حکام کے مطابق طلباء و طالبات کو بھی شجر کاری مہم میں شامل کیا جا رہا ہے تاکہ نوجوان نسل میں درخت لگانے کی اہمیت اجاگر کی جا سکے۔ شہریوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ آئندہ بھی پی ایچ اے کی شجر کاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے اور راولپنڈی کو سرسبز و شاداب بنانے میں کردار ادا کریں گے۔