14.5 C
Islamabad
جمعہ, مارچ 28, 2025
ہومقومی خبریںپارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کے تعاون سے درخت لگانے کی مہم کا...

پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کے تعاون سے درخت لگانے کی مہم کا آغاز کیا ہے،وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری

- Advertisement -

راولپنڈی۔21مارچ (اے پی پی):وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن "سر سبز و شاداب پاکستان” کے مطابق پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) کے تعاون سے درخت لگانے کی مہم کا آغاز کیا ہے۔ پاکستان موسمیاتی چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے جس کے تحت پنجاب بھر میں ایک ارب درخت لگانے کی مہم شروع کر دی گئی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز شجر کاری کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کا انعقاد پی ایچ اے کے تحت پوٹھوہار پارک، غریب آباد میں کیا گیا۔ بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ پاکستان کا موسمیاتی تبدیلیوں میں حصہ نہ ہونے کے برابر ہے مگر گلوبل وارمنگ کے متاثرہ ممالک میں پاکستان بھی شامل ہے جس کے لئے ہمیں مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ والدین، طلبہ اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر پی ایچ اے نے راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں ایک ہزار پودے لگانے کی مہم شروع کی ہے۔ آج کی تقریب اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

- Advertisement -

راولپنڈی کے دیگر پارکس اور باغات میں آج کے دن ایک ہزار پودے لگائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلاف مثبت تنقید کے تحت ہونے چاہیں۔ ہم نے بچوں کے ہاتھ میں قلم اور پودے دیئے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ بچے صحت مند ماحول میں آگے بڑھیں۔ ہم نے اپنے بچوں کو بد تہذیبی، سول نافرمانی یا جلاؤ گھیراؤ کی تربیت کبھی نہیں دی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جنگلات کا کٹاؤ دراصل کم بارشوں کی وجوہات میں سے ایک ہے۔

زندگی کی بقا درختوں کی بقا کے ساتھ منسلک ہے اس لئے ہمیں چاہیئے کہ زیادہ سے زیادہ پودے لگا کر ماحول کو سر سبز و شاداب بنائیں۔ قبل ازیں انہوں نے پارک میں طلبہ کے ساتھ مل کر پودے بھی لگائے۔ بعد ازاں انہوں نے پارکس سے ملحقہ گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین، رحمت آباد کا دورہ کیا جہاں پر کالج کی طالبات اور اساتذہ کے ساتھ مل کر شجر کاری مہم میں حصہ لیا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=575054

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں