اسلام آباد۔6جون (اے پی پی):چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا ہے کہ پارک انکلیو فیز ٹو اور تھری میں بجلی کی فوری فراہمی کو یقینی بنایا جائے، ممبر فنانس اور ممبر انجینئرنگ آئیسکو حکام سے رابطہ کریں ۔ ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے جمعرات کو اپنے ایک بیان میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ پارک انکلیو کے لئے الگ گرڈ سٹیشن قائم کیا جائے، پارک انکلیو میں موجود ہسپتالوں، سکولوں اور دیگر بنیادی سہولیات کے پلاٹ ضوابط کے مطابق الاٹمنٹ کے لئے پیش کئے جائیں، گرین بیلٹس اور پارکوں کو خوبصورت بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پارک انکلیو ون میں بقایاجات جمع کروانے کی حتمی تاریخ 30 جون ہے، مقررہ تاریخ تک فیز ون کے بقایاجات جمع نہ کروانے والے الاٹیوں کے پلاٹ کینسل کردیئے جائیں گے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ فیز ون کے کینسل کئے جانے والے پلاٹوں کو نیلامی کے لئے پیش کیا جائے گا۔