اسلام آباد ۔ 16 اگست (اے پی پی)وزیر اعظم کے ترجمان ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ پاناما پیپرز پر تحریک انصاف کا سپریم کورٹ جانا خوش آئند بات ہے کیونکہ سپریم کورٹ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی کردے گی، منگل کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ پاکستان تحریک انصاف کے مستقبل کے …
پاناما پیپرز پر تحریک انصاف کا سپریم کورٹ جانا خوش آئند بات ہے،سپریم کورٹ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی کردے گی،وزیر اعظم کے ترجمان ڈاکٹر مصدق ملک کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 16 اگست (اے پی پی)وزیر اعظم کے ترجمان ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ پاناما پیپرز پر تحریک انصاف کا سپریم کورٹ جانا خوش آئند بات ہے کیونکہ سپریم کورٹ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی کردے گی، منگل کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ پاکستان تحریک انصاف کے مستقبل کے دھرنوں اور احتجاج میں عام لوگوں کی جائیدادوں کو نقصان نہیں پہنچایا جائے گا، انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں امید ہے کہ انصاف ہو گا اور اسکے علاوہ ہم پی ٹی آئی کی تحریک کے پرامن ہونے کی خواہش کا بھی اظہار کرتے ہیں تاکہ ملک و قوم کا نقصان نہ ہو، ایک سوال کے جواب میں ترجمان وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کہہ چکے ہیں کہ وہ اپنی ملازمت میں توسیع نہیں لیں گے اسلیے سیاسی قیادت کے انہیں فیلڈمارشل کی پیشکش کرنے کی باتوں میں کوئی سچائی نہیں اور نہ ہی اس حوالے سے ابھی تک کوئی بات ہوئی ہے، یہ سب باتیں بے بنیاد اور من گھڑت ہیں جن کی کوئی حقیقت نہیں، انہوں نے مزید کہا کہ جنرل راحیل شریف ملک میں فوجی بغاوت کو بھی پہلے ہی مسترد کر چکے ہیں اسلیے ہمیں امپائر کی انگلی اٹھنے کا کوئی خوف نہیں جس کا ڈی چوک کے مظاہرین دعوٰی بھی کرتے رہے، اپوزیشن لیڈر سید خورشید احمد شاہ کے قومی اسمبلی میں بیان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر مصدق ملک کا کہنا تھا کہ سید خورشید احمد شاہ نے ہمیشہ جمہوریت کا ساتھ دیا ہے اور جمہوری نظام کے لیے کوششیں کی ہیں جس کے لیے ہم انہیں سراہتے ہیں








