کوئٹہ۔5فروری (اے پی پی):گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا ہے کہ پانچ فروری کو یوم کشمیر منانے کا مقصد اپنے کشمیری بھائیوں کی جدوجہد آزادی کی مکمل حمایت کرنا ہے،انہوں نے دنیابھر کے جمہوریت کے علمبرداروں کی توجہ کشمیر اور کشمیریوں کے ساتھ ہونے والے مظالم کی جانب مبذول کراتے ہوئے کہا کہ عالمی رائے کو انکے حق میں استوار کیا جائے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یوم کشمیر پر مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے نکالی گئی ریلی کی قیادت کرتے ہوئے کیا۔
کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے حوالے سے نکالی گئی ریلی زرغون روڈ گورنر ہاؤس کوئٹہ سے شروع ہوئی اور شہید فیاض سنبل چوک پر اختتام پذیر ہوئی، اس موقع پر رکن قومی اسمبلی منورہ بلوچ اور ڈپٹی کمیشنر عرفان میمن، ریڈ کریسنٹ بلوچستان کے سربراہ عبدالباری بڑیچ اور سردار زین العابدین خلجی سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد شریک تھے، ریلی کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر پر اسکا مکمل قبضہ اور بھارت نے اپنے آئین کو منسوخ کر کے نہ صرف تمام قوانین اور اقدار کی خلاف ورزی ہے بلکہ اس سے بھارت کی بربریت اور اس کا غیرجمہوری چہرہ بھی دنیا کے سامنے بےنقاب ہوا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئندہ بھی یہی موقف رہیگا جب تک کشمیریوں پر مظالم ہوتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ ہر فورم پر اپنے کشمیریوں بھائیوں کی نہ صرف حمایت کی ہے بلکہ انکے ساتھ ہونے والے ظلم وزیادتی کو عالمی سطح پر اجاگر بھی کرتا آرہا ہے۔