جدہ۔18مئی (اے پی پی):سعودی وزارت حج و عمرہ نے اتوار کو اعلان کیا ہے کہ پانچ لاکھ سے زائد عازمین حج مناسک حج کی ادائیگی کے لئے مملکت میں پہنچ چکے ہیں۔ سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے اپنے آفیشل سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جاری کئے گئے متنوع پیغامات میں عازمین حج کو پرجوش انداز میں خوش آمدید کہا ہے۔ ان پیغامات میں مرحبا ضیوف الرحمن خوش آمدید، ہماری خواہش ہے آپ کا یہاں قیام خوشگوار ہو جیسے خیر مقدمی کلمات شامل تھے۔
سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے اس بات کو یقینی بنایا کہ مختلف انٹری پوائنٹس سے مملکت میں داخل ہونے والے عازمین کو بہترین انداز میں اور غیر معمولی ہم آہنگی کے ساتھ خدمات فراہم کی جائیں جس میں مناسک حج کی پرسکون انداز میں ادائیگی کو یقینی بنانے کے لئے خدمات کی فراہمی کے مربوط نظام سے مدد لی گئی ہو۔
سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے اس موقع پر آفیشل حج پرمٹ کے حصول کی اہمیت پر بھی زور دیا اور اس بات کو اجاگر کیا کہ یہ عازمین کو مناسک حج کی آسانی، سہولت اور ذہنی سکون کے ساتھ ادائیگی کے قابل بنانے کے ساتھ ساتھ اس مقدس سفر کے دوران ان کی تمام متعلقہ خدمات اور سہولیات تک رسائی کو یقینی بناتا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=598533