پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت بڑھانے کے انفراسٹرکچر پر کام جاری ہے،سید خورشید شاہ

324
پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت بڑھانے کے انفراسٹرکچر پر کام جاری ہے،سید خورشید شاہ

لاہور۔3ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت بڑھانے کے انفراسٹرکچر پر کام جاری ہے ۔وہ ہفتہ کولاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پرلاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا جبکہ نائب صدر حارث عتیق نے بھی خطاب کیا۔ لاہور چیمبر کے سابق عہدیداران اور ایگزیکٹو کمیٹی ممبران بھی موجود تھے۔سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ ہم زرعی پیداوار بڑھانے کا منصوبہ بنا رہے تھے تاکہ زرعی برآمدات بڑھائی جاسکیں لیکن سیلاب نے بڑا دھچکا لگایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پانی کی گنجائش 140 ملین ایکڑ فٹ لیکن ذخیرہ کرنے کی گنجائش صرف 13 ملین ایکڑ فٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ انفراسٹرکچر بنایا جا رہا ہے جس سے پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں 14 سے 15 ملین ایکڑ فٹ اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ 80 فیصد معیشت کا تعلق زراعت سے ہے۔ سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ پاکستان ایک امیر اور وسائل سے مالا مال ملک ہے، اگر اس کی صحیح سمت میں رہنمائی کی جائے تو یہ خود انحصار بن سکتا ہے۔

وزیر نے بتایا کہ انہوں نے ایک دن میں 30 قانون سازیاں کی ہیں جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔ انہوں نے سیلاب متاثرین کے لیے لاہور چیمبر کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ کاروباری برادری نے ترقی یافتہ معیشتوں میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر نے کہا کہ مزید تاخیر کیے بغیر ڈیم بنائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید تباہ کن ہوتا جارہا ہے، پہلے سیلاب اور بعد میں خشک سالی ملک کے ساتھ تباہی مچاتی ہے۔

۔انہوں نے کہا کہ جب بھی کوئی آفت ناز ل ہوئی لاہور چیمبر سب سے پہلے حرکت میں آیا، لاہور چیمبر نے 50 ملین روپے سے فلڈ ریلیف فنڈ قائم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ سو گھروں پر مشتمل گاؤں تعمیر کیا جائے گا جس میں ایک سکول، ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر، عام افراد اور پالتو جانوروں کے لیے ہیلتھ کیئر سینٹر اور سولر بجلی کی فراہمی ہوگی۔