پانی کی سپلائی بند، بڑے پیمانے پر آبی بحران کا اندیشہ ہے ، غزہ میونسپلٹی انتباہ

104
Gaza Municipality Warning
Gaza Municipality Warning

رام اللہ ۔7اپریل (اے پی پی):غزہ میونسپلٹی نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیلی افواج کی کارروائیوں سے پینے کے پانی کی سپلائی لائن بند ہونے کے باعث پانی کی قلت کا شدید بحران پیدا ہو گیا ہے۔سبق نیوز کے مطابق میونسپلٹی نے اپنے سوشل میڈیا اکاونٹ پر اس حوالے سے کہا ہے کہ ’میکروٹ‘ سپلائی لائن سے 70 فیصد غزہ کے شہریوں کی یومیہ پانی کی ضرورت کو پورا کیا جاتا تھا جو اب بند کردی گئی ہے جس سے اس بات کا اندیشہ پیدا ہو گیا ہے کہ شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

غزہ میونسپلٹی کا مزید کہنا تھا کہ متعلقہ اداروں سے رابطہ کیا جا رہا ہے کہ پانی کی لائن کو بحال کیا جائے تاکہ پانی کی قلت کے بحران پر قابو پایا جا سکے۔غزہ میونسپلٹی کا کہنا تھا کہ اکتوبر 2023 سے قبل ’میکروٹ‘ لائن سے یومیہ 20 فیصد پانی کی ضروریات کو پورا کیا جاتا تھا تاہم اکتوبر کے بعد سے جارحیت میں ہونے والے اضافے کے باعث بیشتر کنووں اور شہر کے شمال مغربی علاقے میں واقع مرکزی واٹر ڈی سیلینیشن پلانٹ کی تباہی کے باعث شہریوں کی یومیہ ضرویات کو پورا کرنے کے لیے ’میکروٹ لائن‘ پر انحصار بڑھ کر 70 فیصد تک ہو گیا۔

غزہ میونسپلٹی نے اس بات پر زور دیا ہے کہ پانی کی بندش سے شہر میں بڑے پیمانے پر آبی بحران پیدا ہونے کا اندیشہ ہے جو آبادی کے بڑے حصہ کو متاثر کر سکتا ہے ۔اس ضمن میں غزہ میونسپلٹی نے غزہ کے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ جب تک مسئلے کو حل نہیں کر لیا جاتا، پانی کے استعمال میں خاص طور پر احتیاط برتیں۔

پانی کے متوقع بحران کے حوالے سے میونسپلٹی نے عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ اسرائیلی قابض حکام پر دباؤ ڈالیں اور پانی کی سپلائی کو بحال کروائیں تاکہ کسی بھی ممکنہ بحران کے پیدا ہونے سے قبل اس مسئلے کو حل کیا جا سکے۔