پانی کی منصفانہ تقسیم کے لئے اگلے سال تک ٹیلی میٹرز نصب کر دیئے جائیں گے، وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید شاہ

42

اسلام آباد۔16جون (اے پی پی):وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پانی کی منصفانہ تقسیم کے لئے اگلے سال تک ٹیلی میٹرز نصب کر دیئے جائیں گے جس سے پانی کی تقسیم کا خود کار نظام قائم ہو جائے گا۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو یہاں صوبوں کو پانی کی کم دستیابی کے حوالے سے وزیر اعظم کی ہدایت پر پارلیمنٹ ہاؤس میں خصوصی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی، آغا حسن بلوچ ، وفاقی وزیر اقتصادی امور ایاز صادق ، وفاقی سیکریٹری آبی وسائل، چیئرمین واپڈا، چیئرمین ارسا ، جوائنٹ سیکریٹری آبی وسائل اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں بلوچستان کو پانی کی عدم فراہمی کے حوالے سے متعلقہ حکام نے کمیٹی کو مفصل بریفنگ دی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر آبی وسائل نے کہا کہ بلوچستان کو پانی کی بروقت فراہمی یقینی بنانے کے لئے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں۔سکھر سے بلوچستان پختہ بیڈ کے ذریعے بلوچستان کو پانی جا رہا ہے مٹی آ جانے کے باعث بیڈ اوپر ہو گیا ہے،انہوں نے کہا ماہرین کی خصوصی ٹیم جوائنٹ سکریٹری آبی وسائل مہر علی شاہ کی سربراہی میں معاملے کے حل کے لئے دو دن میں گدو اور سکھر بیراج کا دورہ کرے گی اور اپنی سفارشات حکومت کو پیش کرے گی ۔

انہوں نے کہا کہ اگلے سال تک ٹیلی میٹرز نصب کر دئے جائیں گے جس سے پانی کی تقسیم کا خود کار اور منصفانہ نظام قائم ہو جائے گا۔ چیئرمین ارسا نے کہا کم پانی کا نقصان بھی سب میں برابر تقسیم ہونا چاہئے۔ تمام سٹیک ہولڈرز دو دن کیلئے سکھر اور گدو بیراج جائیں اور خود جائزہ لیں کہ پانی کی تقسیم منصفانہ ہو رہی ہے یا نہیں۔ وفاقی سیکریٹری آبی وسائل، ڈاکٹر کاظم نیاز نے کہا پانی کی تقسیم کے اجلاس میں صوبائی نمائندے سخت موقف اختیار کرتے ہیں۔پانی کی تقسیم کا معاملہ سیاسی طور پر حل ہونا چائیے۔