پانی کی کمی کے مسئلہ پر قابو پانے کیلئے منصوبوں پر کام جاری ہے، وفاقی وزیر مخدوم خسرو بختیار

111

اسلام آباد ۔ 8 جنوری (اے پی پی) وفاقی وزیر مخدوم خسرو بختیار نے کہا ہے کہ ملک میں پانی کی کمی کے مسئلہ پر قابو پانے اور آبی ذخائر اور پانی کی ضرورت کو پورا کرنے کیلئے مختصر ، درمیانی اور طویل المدتی منصوبوں پر کام جاری ہے،حکومت نے پانی کے ذخائر بڑھانے کے لئے بجٹ مےں فنڈز بھی مختص کئے ہیں،تاکہ پانی کے ذخائر کو ہنگامی بنےادوں پر تعمےر کیا جاسکے ۔ وفاقی وزےر نے کہاکہ نئی گج ڈیم منصوبہ صوبہ سندھ میں آبنوشی و آبپاشی میں معاون ثابت ہوگا لہٰذا منصوبے پر حکومت سندھ کے ساتھ مل کر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا، منصوبے کی اہمیت کو مدنظر رکھ کر اس کی تکمیل کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں گے۔ وزارت آبی ذخائر منصوبے کی ڈیزائن اور دیگر معاملات کو فوری طور پر حل کرے۔ان خےالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سی ڈی ڈبلےو پی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کےا ۔ اجلاس مےں 47 ارب 73 کروڑ25لاکھ روپے کی لاگت کے نظر ثانی شدہ نئی گاج ڈیم منصوبے کا بھی جائزہ لیا،اس موقع پر سیکرٹری وزارت آبی ذخائر نے ان معاملات کو حل کرنے کیلئے دو ہفتے کا وقت طلب کیا۔ جس پروفاقی وزیر مخدوم خسرو بختیار نے انہیں اگلے ہفتے تک جواب جمع کرنے کی مہلت دے دی۔