پانی کےمعاملہ پر قیادت تک بات چیت ہو چکی ہے، پیپلز پارٹی اتحادی جماعت ہے ،دو صوبوں کے درمیان پانی کے مسئلے کو انڈس واٹر معاہدے کے مطابق حل کیا جائے گا، اعظم نذیر تارڑ

94

اسلام آباد۔27جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ پانی کےمعاملہ پر قیادت تک بات چیت ہو چکی ہے، پیپلز پارٹی ہماری اتحادی جماعت ہے اور دو صوبوں کے درمیان پانی کے مسئلے کو انڈس واٹر معاہدے کے مطابق حل کیا جائے گا۔پیر کو ایوان بالا میں سینیٹر ضمیر حسین گھمرو کے نکتہ اعتراض پر سندھ کے پانی کے مسئلہ پر وفاقی وزیر نے کہا کہ کینال کے معاملے پر بات چیت سے مسئلہ حل کریں گے، وزیر اعظم شہباز شریف اس پر مشاورت کریں گے

، قیادت کی سطح پر یہ معاملہ ایجنڈے پر ہے، پانی کی تقسیم کے حوالے سے بردباری سے آئین کے تحت بات ہوگی۔سینیٹر بلال احمد نے کہا کہ بلوچستان کا ضلع نصیر آباد پانی سے محروم ہے ،اتحادی ہونے کے باجود ہمیں پانی کے معاملے پر تحفظات ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت بتائے نئے کینال پر کتنا خرچہ آئے گا،

چولستان کو قابل کاشت بنانے کے لئے سندھ اور پنجاب کو بنجر کرنا چاہتے ہیں،نئے کینال کو کالا باغ ڈیم کا مسئلہ نہ بنایا جائے۔ وزیر قانون نے کہا کہ پاکستان کے چاروں صوبے چار بھائیوں کی طرح ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان گفت و شنید سے معاملہ حل کرتے ہیں، وفاقی حکومت کے پاس مصالحت پہلا آپشن اور یہی آخری ہونا چاہئے، مل بیٹھ کر یہ معاملہ حل کرنا ہوگا۔