پانی کے عالمی دن پر واسا لاہور کے زیر اہتمام آگاہی واک

125
پانی کے عالمی دن پر واسا لاہور کے زیر اہتمام آگاہی واک

لاہور۔22مارچ (اے پی پی):پنجاب حکومت کے وژن کے مطابق واسا لاہور نے پانی کے عالمی دن کے موقع پر ایک آگاہی واک کا انعقاد کیا۔ترجمان کے مطابق واک کا مقصد عوام میں پانی کے موثر استعمال اور اس کے تحفظ کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔ واک واسا ہیڈ آفس لاہور سے شروع ہوئی جس کی قیادت وائس چیئرمین واسا چوہدری شہباز احمد، ڈی جی واسا پنجاب طیب فرید اور ایم ڈی واسا غفران احمد نے کی۔

ڈی جی واسا پنجاب طیب فرید نے اس موقع پر کہا کہ پانی ایک قیمتی نعمت ہے اور ہمیں اسے ذمہ داری کے ساتھ استعمال کرنا چاہیے، عوام کو چاہیے کہ وہ اپنی روزمرہ کی زندگی میں پانی کی بچت کو یقینی بنائیں اور اس کے غیر ضروری ضیاع کو روکیں۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ پانی بچانے کے جدید طریقے اپنائیں تاکہ آنے والی نسلوں کو پانی کی قلت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ایم ڈی واسا لاہور غفران احمد نے کہا کہ واسا لاہور پانی کے ذخائر کے تحفظ کیلئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دے رہا ہے،پانی بچانے کی عادت اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس مقصد کے لیے واسا ہر ممکن اقدامات کر رہا ہے۔اس موقع پر دیگر مقررین نے بھی پانی اہمیت پر روشنی ڈالی۔