35.5 C
Islamabad
جمعہ, اپریل 25, 2025
ہومقومی خبریںپانی 24 کروڑ پاکستانیوں کی لائف لائن ہے، بھارت سندھ طاس معاہدہ...

پانی 24 کروڑ پاکستانیوں کی لائف لائن ہے، بھارت سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ طور پر ختم نہیں کر سکتا، سینیٹر محمد اسحاق ڈار

- Advertisement -

اسلام آباد۔25اپریل (اے پی پی):نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹرمحمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پانی 24 کروڑ پاکستانیوں کی لائف لائن ہے، بھارت سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ طور پر ختم نہیں کر سکتا، کسی نے پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھا تو جواب ماضی جیسا ہوگا،پاکستان نے بھارت کے ساتھ ہر قسم کی تجارت معطل کر دی ہے، جس میں تیسرے ممالک کے ذریعے ہونے والی تجارت بھی شامل ہے،واہگہ بارڈر کو فوری طور پر بند کر دیا گیا ہے۔جمعہ کو ایوان بالا کے اجلاس میں سینیٹر اسحاق ڈار نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ ختم کرنے کے اعلان پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ ایک اہم اور متفقہ بین الاقوامی دستاویز ہے، جسے کسی ایک فریق کی جانب سے ختم نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ معاہدے میں واضح لکھا ہے کہ اس کی منسوخی صرف اتفاقِ رائے سے ممکن ہے۔نائب وزیر اعظم نے کہا کہ پانی پاکستان کے 24 کروڑ عوام کی "لائف لائن” ہے، اور یہ معاملہ قومی سلامتی سے جڑا ہوا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ آنے والے وقت میں جنگیں پانی کے مسئلے پر ہو سکتی ہیں، اس لیے پاکستان اس حوالے سے کسی قسم کی نرمی اختیار نہیں کرے گا۔انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی نے گزشتہ روز اہم فیصلے کیے ہیں، اور حکومت سیاسی قیادت کے ساتھ مکمل ہم آہنگی میں ہے۔ ہم نے سیاسی فیصلے کر لیے ہیں، اور اب سب ایک پیج پر ہیں۔سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ سفارتی سطح پر بھی بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ گزشتہ روز غیر ملکی سفیروں کو صورتِ حال پر بریفنگ دی گئی، اور آج بھی سفارتی سطح پر پیش رفت سے آگاہ کیا جائے گا۔

- Advertisement -

نائب وزیر اعظم نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ پاکستان نے بھارت کے مقابلے میں دو اقدامات زیادہ کیے ہیں، اور اگر کسی نے پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھا تو ویسا ہی جواب دیا جائے گا جیسا ماضی میں دیا گیا تھا ،بلکہ اس بار پہلے سے زیادہ سخت اور مضبوط جواب دیا جائے گا،وہ تمام سیاسی جماعتوں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے بھارت کی حالیہ جارحیت کا متحد ہو کر منہ توڑ جواب دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی یکجہتی ہی پاکستان کی اصل طاقت ہے، اور سیاسی قیادت نے یک زبان ہو کر دشمن کو واضح پیغام دیا ہے کہ وطنِ عزیز کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد ہم انتظار کر رہے تھے کہ آگے کیا بات چلے گی، انہوں نے پاکستان کا براہ راست نام نہیں لیا، کوئی شواہد نہیں کہ پاکستان کو اس واقعے سے لنک کیا جاتا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ معطل نہیں کیا جاسکتا، معاہدے میں لکھا ہے کہ اسے ختم کرنا ہے تو اتفاق رائے سے ہوگا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ سارک ویزا پر موجود بھارتی 48 گھنٹے میں پاکستان سے نکل جائیں، ہم نے سیاسی فیصلے کر لیے ہیں، ہم سیاسی طور پر سب ایک پیج پر ہیں، اپوزیشن لیڈر کا شکر گزار ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ سفارتی سطح پر بھی کوششیں جاری ہیں، 26 ممالک کو کل بریفنگ دی اور حالات سے آگاہ کیا، دیگر کو آج بریفنگ دی جائے گی، آج سعودی وزیر خارجہ مجھ سے بات کرنا چاہتے ہیں، آج شام 7 بجے بات ہو گی۔

وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا پاکستان کی مسلح افواج مکمل طور پر تیار ہیں، کسی نے میلی آنکھ سے دیکھا تو جواب ماضی جیسا دیا جائے گا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=587571

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں