پاور پلے میں اچھا نہ کھیل کر پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں شکست ہوئی،شاداب خان

58

آکلینڈ۔18دسمبر (اے پی پی):قومی ٹیم کے کپتان شاداب خان نے کہا ہے کہ پاور پلے میں جلد وکٹیں گرنے سے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں شکست ہوئی‘ خوشی ہے کہ کھلاڑیوں نے مثبت کرکٹ کھیلی ہے‘ دوسرے میچ میں کم بیک کریں گے۔ جمعہ کو نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹونی میچ میں شکست کے بعد بات کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان شاداب خان نے کہا کہ جب پاور پلے میں آپ صحیح کارکردگی نہیں دکھاتے تو میچ میں واپسی کرنا بہت مشکل ہو جاتا ہے۔ 20 رنز پر چار وکٹیں گرنے کے بعد ہم نے اچھی بلے بازی کی اور ایک مناسب ٹوٹل کرنے میں کامیاب رہے۔ انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی کنڈیشنز پاکستان سے بہت مختلف ہیں‘ ہمارے نوجوان کھلاڑی جلد سیکھیں گے۔ شاداب خان نے کہا کہ جیکب ڈفی اچھے باولر ہیں‘ انہوں نے پہلا سپیل بہت اچھا کرایا جس کی وجہ سے ہمارا میچ میں واپس آنا مشکل ہوگیا۔ نیوزی لینڈ کے تمام باولر اچھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں اچھا کھیلا اور پھر زمبابوے کے خلاف ہوم سیریز میں کامیابی حاصل کی مگر کنڈیشنز بہت مختلف تھیں۔ ہم یہاں جتنی زیادہ کرکٹ کھیلیں گے اپنے آپ کو ان حالات سے ہم آہنگ کریں گے۔ شاداب خان نے کہا کہ بابر اعظم کی کمی محسوس ہوئی وہ اہم کھلاڑی ہیںجبکہ فخر زمان ہمیں شروع میں اچھا سٹارٹ مہیا کرتے تھے وہ بھی شامل نہیں ہیں لیکن یہ نوجوان کھلاڑیوں کے لئے اچھا موقع ہے کہ ان کی غیر موجودگی میں اپنے آپ کو منوائیں۔انہوں نے کہا کہ شائقین کی موجودگی میں پہلی بار کھیلنا بہت اچھا تھا۔ شاداب خان نے کہا کہ دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں اس سے زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے اور سیریز میں بھرپور واپسی کریں گے۔