جہلم 19 ستمبر (اے پی پی):جہلم میں ایف آئی اےکمرشل بینکنگ سرکل کے انچارج ڈپٹی ڈائریکٹر جائِر نصرانی کی ہدایت پر آٹھ رکنی ٹیم نے پاپولر ایکسچینج ایچ اینڈ ایچ کمپنی پر چھاپہ مارا اور غیرقانونی کرنسی کی خرید و فروخت میں ملوث ملازمین کو گرفتارکر لیا ۔پاپولر ایکسچینج ایچ اینڈ ایچ کمپنی شاندار چوک جہلم سے 47 ملین مالیت کی ملکی اور غیر ملکی کرنسی برآمد کی گئی ۔
برآمد ہونے والی کرنسی میں امریکی ڈالر، برطانوی پاؤنڈ، ملائیشین رنگٹ، ترکش لیرا، آسٹریلین ڈالر، یورو، قطری ریال سعودی ریال اور اماراتی درہم شامل ہیں۔برانچ سے بغیر ریکارڈ کے کیپٹل سے زیادہ کرنسی برآمد ہوئی ، جسے قبضہ میں لے لیا گیا۔
ملزمان کے خلاف کارروائی خفیہ اطلاع پر کی گئی ، ملزمان کو گرفتار کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا گیاہے ۔ کرنسی کی غیر قانونی خرید و فروخت اور حوالہ ہنڈی میں ملوث کمپنیوں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں۔ملزمان کی گرفتاری کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔