اسلام آباد۔30مارچ (اے پی پی):پاپ گلوکارہ نازیہ حسن کی سالگرہ 3 اپریل کو منائی جائے گی ۔ نازیہ حسن 3 اپریل 1965 کو کراچی میں پیدا ہوئیں۔ ان کو گلوکاری کا بے حد شوق تھا جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ انہوں نے 10 سال کی عمر سے گانا گانا شروع کر دیا تھا۔
نازیہ حسن نے امریکن انٹرنیشنل یونیورسٹی اور لندن یونیورسٹی سے تعلیم مکمل کی اور قانون کی تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ اقوام متحدہ کی ثقافتی سفیر کے طور بھی خدمات انجام سرانجام دیتی رہیں۔نازیہ حسن نے پاپ گلوکارہ کے طور پر دنیا بھر میں پاکستان میں نام روشن کیا اور متعدد قومی اور بین الاقوامی ایوارڈز اپنے نام کئے۔نازیہ پاکستان کی پہلی پاپ گلوکارہ ہیں جنہوں نے فلم فیئر ایوارڈز کا اعزاز 15 سال کی عمر میں اپنے نام کیا۔حکومت کی جانب سے نازیہ حسن کو میوزک انڈسٹری میں ان کی خدمات کے عوض 2002 میں پرائڈ آف پرفامنس سے نواز گیا۔
نازیہ حسن 30 مارچ 1995 کو بزنس مین مرزا اشتیاق بیگ سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں لیکن خالق حقیقی سے ملنے سے چند روز قبل ہی انہیں طلاق ہو گئی۔ پاپ کوئن نازیہ حسن 35 سال کی عمر میں 13 اگست 2000 کو طویل علالت کے بعد پھیپھڑوں کے کینسر کے باعث دنیا سے رخصت ہو گئیں۔