پاپ گلوکارہ نازیہ حسن کی سالگرہ 3 اپریل کو منائی جائے گی

192
Nazia Hasan

اسلام آباد۔31مارچ (اے پی پی):پاپ گلوکارہ نازیہ حسن کی سالگرہ 3 اپریل کو منائی جائے گی۔ نازیہ حسن 3 اپریل 1965 کو کراچی میں پیدا ہوئیں۔ ان کو گلوکاری کا بے حد شوق تھا جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ انہوں نے صرف 10 سال کی عمر سے گانا شروع کر دیا تھا۔

نازیہ حسن نے امریکن انٹرنیشنل یونیورسٹی اور لندن یونیورسٹی سے تعلیم مکمل کی اور قانون کی تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ اقوام متحدہ کی ثقافتی سفیر کے طور بھی خدمات سرانجام دیتی رہیں۔ نازیہ حسن نے پاپ گلوکارہ کے طور پر دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا اور متعدد قومی اور بین الاقوامی ایوارڈز اپنے نام کئے۔ نازیہ حسن پاکستان کی پہلی پاپ گلوکارہ ہیں جنہوں نے فلم فیئر ایوارڈز کا اعزاز صرف 15 سال کی عمر میں اپنے نام کیا۔ حکومت کی جانب سے نازیہ حسن کو میوزک انڈسٹری میں ان کی خدمات کے اعتراف میں 2002ء میں پرائڈ آف پرفامنس سے نواز گیا۔

نازیہ حسن 30 مارچ 1995ء کو بزنس مین مرزا اشتیاق بیگ سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئی تھیں لیکن خالق حقیقی سے ملنے سے چند روز قبل ہی انہیں طلاق ہو گئی۔ پاپ کوئن نازیہ حسن 35 سال کی عمر میں 13 اگست 2000ء کو پھیپھڑوں کے کینسر کی طویل علالت کے باعث جہان فانی سے رخصت ہو گئیں۔