پاکستان، آئیوری کوسٹ کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے،وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی

39

اسلام آباد۔6جولائی (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان، آئیوری کوسٹ کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے منگل کو آئیوری کوسٹ کی وزیر خارجہ کانڈیا کامیسوکو کیمارا کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ بات چیت کے دوران دو طرفہ تعاون ، سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ ء خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان، آئیوری کوسٹ کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔آئیوری کوسٹ کی وزیر خارجہ نے پاکستان کی جانب سے آئیوری کوسٹ میں سفارت خانہ کھولنے کے اقدام کو سراہتے ہوئے، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔آئیوری کوسٹ کی وزیر خارجہ نے کہا کہ افریقی ممالک میں کھولے جانے والے پانچ نئے پاکستانی سفارت خانوں میں آئیوری کوسٹ کا شامل ہونا، باعث مسرت اقدام ہے ۔

وزیر خارجہ نے آئیوری کوسٹ کی ہم منصب کے جذبات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آئیوری کوسٹ میں پاکستانی سفارتخانے کا قیام،اس بات کی دلیل ہے کہ پاکستان، براعظم افریقہ میں آئیوری کوسٹ کو کس اہمیت کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔دونوں وزرائے خارجہ نے اس بات کا خیر مقدم کیا کہ رواں سال کے اختتام سے قبل، پاکستان کے پہلے سفیر آئیوری کوسٹ میں تعینات ہو چکے ہونگے ۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور آئیوری کوسٹ کے مابین بین الاقوامی فورمز پر دو طرفہ تعاون کا فروغ خوش آئند ہے،

دونوں وزرائے خارجہ نے بین الاقوامی فورمز پر دو طرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے کیلئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا وزیر خارجہ نے کہا کہ ۔پاکستان کو، آئیوری کوسٹ کیلئے اقوام متحدہ امن مشن ، یو این او سی آئی (UNOCI) کے تحت 2004 سے 2016 تک 11،690 پیس کیپرز بھجوانے کا اعزاز حاصل ہے ، ۔ہم، اقتصادی سفارت کاری کے تحت آئیوری کوسٹ سمیت افریقی ممالک کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور کثیر الجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے متمنی ہیں،

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ اب تک آئیوری کوسٹ کے دس سفراء، پاکستان کی فارن سروس اکیڈمی سے سفارت کاری کی عملی تربیت حاصل کر چکے ہیں۔آئیوری کوسٹ کی وزیر خارجہ مسز کانڈیا کامیسوکو کیمارا نے مختلف شعبہ جات میں پاکستان کی معاونت کو سراہتے ہوئے، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا ۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے آئیوری کوسٹ کی وزیر خارجہ کو دورہ ء پاکستان کی دعوت دی-جسے انہوں نے شکریہ کے ساتھ قبول کیا۔