لاہور ۔ 21 مارچ (اے پی پی) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 5 ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا ون ڈے میچ (کل) پاکستانی وقت کے مطابق شام چار بجے شارجہ میں کھیلا جائے گا۔ آسٹریلیا کے خلاف پانچ ون ڈے میچز 22,،24،27,،29 اور 31 مارچ کو یو اے ای میں ہوں گے۔ سرفراز احمد کی جگہ شعیب ملک قومی ٹیم کی کپتانی کریں گے۔ پاکستان کی اعلان کردہ 16رکنی ٹیم میں شان مسعود، امام الحق، عابد علی، حارث سہیل، سعد علی، عمراکمل، شعیب ملک کپتان، محمد رضوان، عماد وسیم، یاسر شاہ، محمد عباس، محمد عامر، جنید خان،فہیم اشرف، عثمان شنواری اور محمد حسین شامل ہیں۔پاکستان کے خلاف آسٹریلوی سکواڈ کپتان ایرون فنچ، عثمان خواجہ، ہینڈ سکوم، شان مارش، مارکس سٹونس، ایشٹن ٹرنر، گلین میکسویل، پیٹ کمنس، جیسن بینڈروف، جے رچرڈسن، نیتھن لیون، کین رچرڈسن، ایڈم زامپا اور نیتھن کولٹر نیل پر مشتمل ہے۔دونوں ٹیمیں جیت کے لئے پر عزم ہیں ۔پاکستان ٹیم کے کپتان شعیب ملک کا کہنا ہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین ون ڈے سیریز میں جیت کے لئے بھرپور کوشش کریں گے۔ پاکستانی ٹیم بیلنس ہے اور تمام کھلاڑی گراﺅنڈ میں 100فیصد پرفارمنس دکھائیں گے۔ قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کی ٹیم بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جو بھارت کو ہرا کر آئی ہے۔ آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کی ٹیم جیت کے لئے میدان میں اترے گی۔ پاکستان کی ٹیم سینئر کھلاڑیوں کی عدم موجودگی کے باوجود پاکستان آسان حریف نہیں ہے ، ہم گیم پلان کے مطابق کھلیں گے ۔واضح رہے کہ آسٹریلیا کی ٹیم کے چند کھلاڑی فٹنس مسائل کا شکار ہیں۔