اسلام آباد۔12جولائی (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پیر کو دوشنبے میں شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر تاجکستان کے اپنے ہم منصب سراج الدین مہرالدین سے ملاقات کی۔دونوں وزرائے خارجہ نے اپنی قیادت کے وژن کے مطابق،پاکستان اور تاجکستان کے مابین دو طرفہ اقتصادی ،تجارتی و عوام کی سطح پر تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات ،کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ ء خیال کیا۔
وزیر خارجہ نے اپنے تاجک ہم منصب کو شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کی میزبانی اور اعلیٰ انتظامات پر مبارکباد دی اور کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کی بیسویں سالگِرہ کے موقع پر وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کا انعقاد اور اس میں شرکت باعثِ مسرت ہے۔انہوں نے کہا کہ تاجک صدر امام علی رحمان کے حالیہ دورہ پاکستان سے پاکستان اور تاجکستان کے درمیان دو طرفہ برادرانہ تعلقات، مزید مستحکم ہوئے۔
دونوں وزرائے خارجہ کا اپنی قیادت کے وڑن کے مطابق،پاکستان اور تاجکستان کے مابین دو طرفہ اقتصادی ،تجارتی و عوام کی سطح پر تعلقات کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ علاقائی و عالمی امور کے حوالے سے پاکستان اور تاجکستان کے نکتہ نظر اور سوچ میں گہری مماثلت، خوشی کا باعث ہے۔دونوں وزرائے خارجہ نے ایس ـ سی ـ او سمیت بین الاقوامی فورمز پر دو طرفہ تعاون کو سراہتے ہوئے، انہیں مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔اس موقع پر افغانستان کی تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال پر بھی تبادلہ ء خیال ہوا۔
وزیر خارجہ نے تاجک ہم منصب کو افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کی مخلصانہ مصالحانہ کاوشوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان افغانستان میں قیام امن کو خطے کے امن و استحکام اور تعمیر و ترقی کیلئے ناگزیر سمجھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان، افغانستان میں قیام امن کیلئے اپنی کاوشیں جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہے۔دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعاون اور اعلیٰ سطحی روابط کے فروغ کیلئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا۔