اسلام آباد۔4ستمبر (اے پی پی):ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر حسین امیر عبداللہیان نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو ٹیلیفون کیا ۔اس موقع پر دونوں وزرائے خارجہ کے مابین افغانستان کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا ۔
ایرانی وزیر خارجہ نے ایران کا دورہ کرنے پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔ایرانی وزیر خارجہ نے افغانستان کی صورتحال کے تناظر میں، مربوط علاقائی لائحہ عمل کی تشکیل کیلئے وزیر خارجہ کی عملی کاوشوں کو سراہا۔
اس موقع پر مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان، ایران کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے ، پاکستان اور ایران کے مابین دو طرفہ، برادرانہ تعلقات ،یکساں مذہبی ،ثقافتی اور تاریخی بنیادوں پر استوار ہیں۔
دونوں وزرائے خارجہ نے افغانستان کی بدلتی ہوئی صورتحال پر مشاورتی سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق بھی کیا ۔واضح رہے کہ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی ایرانی صدر و وزیر خارجہ کے منصب سنبھالنے کے بعد ان سے ملاقات کرنے والے پہلے وزیر خارجہ تھے۔