اسلام آباد۔12اگست (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان کے جاپان کے ساتھ دیرینہ دوستانہ تعلقات ہیں،پاکستان، جاپان کے ساتھ باہمی تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے،موسمیاتی تبدیلی ایک نہایت اہم عالمی مسئلہ ہے، تمام ممالک کو مل کر اس چیلنج سے نمٹنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کوجاپان کی وزیر مملکت توشیکو آبے سے ملاقات میں کیا۔
ا س موقع پروزیراعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم بھی موجود تھیں۔ملاقات میں پاک جاپان دوطرفہ تعلقات بالخصوص موسمیاتی تبدیلی، پارلیمانی روابط، تجارت سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان کے جاپان کے ساتھ دیرینہ دوستانہ تعلقات ہیں ،پاکستان، جاپان کے ساتھ باہمی تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی ایک نہایت اہم عالمی مسئلہ ہے، تمام ممالک کو مل کر موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنا ہو گا۔
انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک میں تجارت سمیت دیگر شعبوں میں تعاون دونوں ممالک کے لئے سودمند ثابت ہو گا ، پارلیمانی سفارتکاری کے ذریعے دونوں ممالک کے عوام کو مزید قریب لایا جا سکتا ہے۔سپیکرقومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں جاپان کے تعاون کو سراہا۔جاپانی وزیر مملکت نے کہا کہ جاپان پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے سپیکرسردار ایاز صادق کے جاپان کے لیے خیر سگالی اور تعلقات کو مزید وسعت دینے کی خواہش پر اظہار تشکر کیا اور پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات اور تعاون کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہاربھی کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=492912