برلن۔11اپریل (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان، جرمنی کے ساتھ پارلیمانی سطح پر تعلقات میں وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ جرمنی، دنیا کی اہم اقتصادی اور سیاسی قوت ہے۔جرمنی کے ساتھ پاکستان کی وابستگی، تاریخی نوعیت کی ہے۔
اتوار کو برلن ہوائی اڈے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ میں جرمنی کے دارالحکومت برلن پہنچا ہوں،یہاں قیام کے دوران میری بزنس لیڈر اور کمیونٹی کے لوگوں سے ملاقات ہو گی۔ایک لاکھ سے زائد پاکستانی جرمنی میں قیام پذیر ہیں اور یہاں بہت مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ معاشی سفارت کاری اور ٹیکنالوجی کے تبادلے کو ہم آگے بڑھانا چاہتے ہیں ۔اس حوالے سے یہاں کی قیادت سے بات چیت ہو گی۔ پیر کو مجھے جرمنی کے وزیر خارجہ سے ملاقات اور اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کا موقع ملے گا ،میری جرمن پارلیمان کے صدر وولف گانگ شوئبلے سے بھی ملاقات ہو گی ۔انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں جرمنی کے ساتھ پارلیمانی سطح پر ہمارے تعلقات میں وسعت آئے اور پہلے سے موجود "فرینڈشپ گروپس” مزید فعال ہوں۔