پاکستان، نیوزی لینڈ وجنوبی افریقہ کے درمیان سہ ملکی ون ڈے سیریز کا آغاز 8 فروری سے ہوگا

190
پاکستان، نیوزی لینڈ وجنوبی افریقہ کے درمیان سہ ملکی ون ڈے سیریز کا آغاز 8 فروری سے ہوگا

لاہور۔7فروری (اے پی پی):پاکستان ، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان سہ ملکی ون ڈے سیریز کا آغاز 8 فروری سے ہوگا، 14 فروری تک جاری رہنے والی ون ڈے سیریز لاہور کے نو تعمیر شدہ قذافی سٹیڈیم اور کراچی کے نیشنل بینک سٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔ترجمان کے مطابق قذافی سٹیڈیم میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلی گیند پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجے کرائی جائے گی جبکہ سنگل لیگ ٹورنامنٹ میں نیوزی لینڈ کا مقابلہ پیر10 فروری کو اسی مقام پر جنوبی افریقہ سے ہوگا۔

میچ صبح ساڑھے نو بجے شروع ہوگا۔دوسرے میچ کے بعد ایکشن کراچی منتقل ہو جائے گا جہاں میزبان پاکستان ٹیم بدھ 12 فروری کو نیشنل بینک سٹیڈیم میں جنوبی افریقہ کے خلاف ڈے اینڈ نائٹ میچ کھیلے گی۔ ایونٹ کا فائنل جمعہ 14 فروری کو ٹاپ دو ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا جس کی پہلی گیند پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجے کروائی جائے گی۔

تمام میچز ٹین سپورٹس، پی ٹی وی سپورٹس اور اے سپورٹس پر براہ راست نشر کیے جائیں گے جبکہ پاکستان میں تماشہ، مائیکو اور ٹیپمیڈ پر براہ راست نشر کیے جائیں گے۔یہ ٹورنامنٹ تینوں ٹیموں کو آئندہ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کی تیاری کا موقع فراہم کرے گا جو 19 فروری کو کراچی میں میزبان پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ سے شروع ہوگی۔