اسلام آباد۔19مئی (اے پی پی):پارلیمانی سیکرٹری برائے منصوبہ بندی ، ترقی و اصلاحات کنول شوذب نے کہا ہے کہ پاکستانیوں کے دل فلسطینیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی فلسطین کے معاملہ کو عالمی سطح پر اٹھانے کیلئے بھرپور کوششیں کرر ہے ہیں، اسرائیل نہتے فلسطینی شہریوں بالخصوص بچوں اور خواتین کو نشانہ بنا رہا ہے، نہتے فلسطینی اسرائیلی ٹینکوں کا پتھروں سے مقابلہ کر رہے ہیں، اس ظلم و جبر پر عالمی طاقتوں نے منافقانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔
بدھ کو ’’اے پی پی‘‘سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالمی میڈیا اسرائیل کا یکطرفہ موقف پیش کر رہا ہے، اسرائیل جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین پر اسرائیلی مظالم کے خلاف ملک بھر میں مظاہرے جاری ہیں اور جب تک اسرائیلی مظالم بند نہیں ہوں گے یہ مظاہرے جاری رہیں گے لیکن جمعہ کو فلسطین سے یکجہتی کے طور پر دن منانے کا مقصد امریکہ اور یورپی ممالک کو یہ پیغام دینا ہے کہ ہم اس معاملہ پر متحد ہیں اور ہمارا موقف یکساں ہے اور اس سے ان کو یہ احساس دلایا جائے گا کہ وہ اپنی خاموشی توڑیں اور انسانی حقوق کی پامالیوں کا نوٹس لیں۔ انہوں نے کہا کہ اب ہمیں مظاہروں سے آگے بڑھ کر کچھ کرنے کی ضرورت ہے، دہشت گرد حملے صرف مسلمانوں پر ہوتے ہیں، عالمی طاقتوں نے اسرائیل کی فنڈنگ پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے جو اس کے دوہرے معیار کی عکاسی کرتی ہے۔