
اسلام آباد ۔ 28 جون (اے پی پی)نگران وزیر اعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے وزارت سمندر پار پاکستانیز اور انسانی وسائل ترقی کو ہدایت کی ہے کہ پاکستانی کارکنوں کے لئے روزگار کے مواقع میں اضافے کے لئے بیرون ممالک بالخصوص خلیجی خطہ میں حکومتوں اور متعلقہ محکموں کے ساتھ روابط استوار کئے جائیں۔ انہوں نے یہ ہدایت جمعرات کو وزارت سمندر پار پاکستانیز اور انسانی وسائل ترقی کے امور کار کے بارے میں بریفنگ کی صدارت کرتے ہوئے دی ۔بریفنگ میں وفاقی وزیر محمد اعظم خان، سیکرٹری وزارت سمندر پار پاکستانیز و انسانی ترقی ڈاکٹر محمد ہاشم پوپلز ئی، چیئرمین قومی صنعتی تعلقات کمیشن جسٹس (ر) شاکر اللہ جان اور وزارت کے سینئر حکام نے شرکت کی۔ سیکرٹری سمندر پاکستانیز ڈاکٹر محمد ہاشم پوپلزئی نے وزارت اور اس کے ذیلی محکموں کی کارکردگی اور کامیابیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی ۔ 2013ءسے 2018ءتک کے عرصہ کے دوران حاصل ہونے والی کامیابیوں کے بارے میں بتایاگیا کہ 25ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے علاوہ ملک کی مختلف صنعتوں میں کام کرنے والے محنت کشوں کی بہبود کے لئے30082 شادی گرانٹس، 6683 ڈیتھ گرانٹس،62981 وظائف اور 447194 پنشنز دی گئیں۔ یہ بھی بتایاگیاکہ سمندر پار پاکستانیوں کی بہبود کے لئے 5884 تارکین وطن کو موت/معذوری گرانٹس، 4953 ورکرز کو ہنگامی امداد کی فراہمی اور 5619 شکایت کو طے کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ کارکنوں اور سمندر پار پاکستانیوں کی بہبود کے لئے ملک بھر میں 24 تعلیمی ادارے کام کررہے ہیں۔