پاکستانی آئی ٹی ایکسپرٹ جاپان بھجوائے جائیں گے،120 ہنر مند افراد کو جاپان بھجوانے کا کام زیر تکمیل ہے ، زلفی بخاری

65

اسلام آباد۔26اپریل (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز سید ذوالفقار بخاری نے کہا ہے کہ پاکستانی آئی ٹی ایکسپرٹ جاپان بھجوائے جائیں گے،120 ہنر مند افراد کو جاپان بھجوانے کا کام زیر تکمیل ہے جنہیں جاپانی زبان کا کورس بھی کرایا گیا ہے ، جاپان کی آئی ٹی کی مارکیٹ میں 5لاکھ افراد کی ضرورت ہے اور وزارت اوورسیز کی کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ پاکستانی آئی ٹی ماہرین کے لئے جاپان میں ملازمتیں حاصل کی جائیں ۔

پیر کے روز وزارت اوورسیز میں اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن اور انٹر ایس ای ایس کے درمیان تعاون کی یادداشت پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی جس میں معاون خصوصی زلفی بخاری کے علاوہ پاکستان میں جاپان کے سفیر کنینوری متسوداموجودتھے ۔ بیورو آف امیگرین اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل کاشف نور اور انٹر ایس ای اسی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ظفر محمود نے یادداشت پر دستخط کئے ۔اس تعاون کی یادداشت کا مقصد جاپانی آئی ٹی مارکیٹ میں پاکستانیوں کے لیے ملازمتوں کے مواقع تلا ش کرنا ہے ۔

تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے زلفی بخاری نے کہا کہ اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن اور انٹر ایس ای ایس تعلیم یافتہ پاکستانی نوجوانوں کو جاپان میں ملازمتوں کی فراہمی کے لیے مل کر کام کریں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ 120ہنر مند پاکستانی جنہوں نے وزارت سے جاپانی زبان کا کورس مکمل کیا ہے کو بھجوانے کے لیے کام جاری ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ تعاون کی یادداشت کا مقصد جاپان کی مارکیٹ میں پاکستانی تعلیم یافتہ نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع تلاش کر نا ہے ۔ زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ بد قسمتی سے جاپانی مارکیٹ میں پاکستانی افرادی قوت کھپانے کے لیے ماضی کی حکومتوں نے خاطر خواہ کام نہیں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ وزارت اوورسیز خلیجی ممالک کے علاوہ دیگر ممالک میں پاکستانی ورک فورس کے لیے ملازمتوں کے مواقع حاصل کرنے کے لیے کام کررہی ہے۔ اس دوران زلفی بخاری نے جاپان کے سفیر کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جاپان کے سفیر کنینوری متسودا کا کہنا تھا کہ اس وقت جاپان میں 30ہزار سے زائد پاکستانی رہائش پذیر ہیں جو وہاں ملازمتیں بھی کررہے ہیں ، اوورسیز پاکستانی ،جاپانی سوسائٹی میں سب سے زیادہ قانون کی پاسداری کرنیوالے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جاپان خصوصی طور پر آئی ٹی سیکٹر میں پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیتوں پر بھرپور یقین رکھتا ہے۔