پاکستانی آرمی نے 18 ویں قومی نیٹ بال چیمپیئن شپ مینز اینڈ ویمنز ٹائٹلز اپنے نام کر لئے

81

اسلام آباد ۔ 2 اپریل (اے پی پی) پاکستان آرمی نے 18 ویں قومی نیٹ بال چیمپیئن شپ میں مینز اینڈ ویمنز ٹائٹلز اپنے نام کر لئے۔ چیمپیئن شپ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ اکبر حسین دورانی تھے جہنوں نے کامیابی حاصل کرنے والی ٹیموں کے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں، میڈلز اور اسناد تقسیم کئیں۔ اس موقع پر پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے چیئرمین کیپٹن (ر ) ظفر اقبال اعوان، صدر مدثر آرائیں، سیکرٹری جنرل محمد ریاض، پاکستان تھروبال فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل مقبول آرائیں اور پاکستان لان بال فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل رانا وسیم مقصود کے علاوہ شائقین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ خواتین کے فائنل میں پاکستان آرمی نے دفاعی چیمپیئن سندھ کو 30-20 پوائنٹس سے شکست دے کر چیمپیئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا، مردوں کے فائنل میں بھی پاکستان آرمی نے دفاعی چیمپئن پاکستان واپڈا کو 32-28 پوائنٹس سے زیر کر کے ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ مینز ایونٹ میں تیسری پوزیشن کیلئے کھیلے گئے میچ میں پاکستان نیوی نے سندھ کو 35-22 پوائنٹس سے ہرایا، خواتین کے ایونٹ میں تیسری پوزیشن کے لئے کھیلے گئے میچ میں پاکستان واپڈا نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کو 29-18پوائنٹس سے شکست دی۔