پاکستانی امن پسند قوم ہیں، 10 ملین امن دستخطی مہم کی کامیابی سے جہاں عالمی ریکارڈ بنے گا وہاں بیرونی دنیا میں پاکستان کا مثبت تشخص بھی اجاگر ہوگا، وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل کا امن دستخطی مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب

98

اسلام آباد۔13جنوری (اے پی پی):وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ پاکستانی امن پسند قوم ہیں، 10 ملین امن دستخطی مہم کی کامیابی سے جہاں عالمی ریکارڈ بنے گا وہاں بیرونی دنیا میں پاکستان کا مثبت تشخص بھی اجاگر ہوگا، نوجوان اس حوالے سے لفٹ اسلام آباد گروپ پیس پراجیکٹ کی مہم کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ وہ بدھ کو یہاں امن دستخطی مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی میں نوجوانوں کا کلیدی کردار ہے، اس سلسلے میں انہیں علامہ اقبال کے شاہین بننے کے لئے ان کی تعلیمات پر عمل کرنا چاہیے۔ انہوں نے لفٹ اسلام آباد گروپ پیس پراجیکٹ کی امن دستخطی مہم کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے دنیا میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اسرائیل گٹھ جوڑ بے نقاب ہو گیا ہے، پاکستانی قوم اتحاد کا مظاہرہ کرے اور سوشل میڈیا پرمنفی اور نفرت انگیز مواد کو شیئر کرنے یا اس کا جواب دینے سے گریز کیا جائے۔ اس موقع پر وزیر مملکت نے امن قرارداد پر دستخط بھی کئے۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس نے اپنے خطاب میں کہا کہ دنیا میں پاکستان کا تشخص بہتر ہو رہا ہے، ہمیں امن کے لئے اپنی خواہش اور جذبہ کو اجاگر کرنا چاہیے۔ لفٹ اسلام آباد گروپ پیس پراجیکٹ کی سی ای او نے امن دستخطی مہم کے اغراض و مقاصد کے بارے میں شرکاء کو آگاہ کیا اور عوام پر زور دیا کہ وہ اس مہم میں بھرپور حصہ لیں تاکہ 10 ملین دستخطوں کا ہدف حاصل کیا جا سکے۔