پاکستانی ایتھلیٹ کا اولمپکس فائنل مقابلے میں گولڈ میڈل حاصل کرنا ملک و قوم کیلئے بڑا اعزاز ہے، گورنر فیصل کریم کنڈی

158

پشاور۔ 09 اگست (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کی اولمپکس مینز جیولین تھرو فائنل مقابلے میں شاندار کارکردگی مبارکباددیتے ہوئے کہاہے کہ ارشد ندیم نے اولمپکس مینز جیولین تھرو فائنل کھیل میں شاندار فتح حاصل کی، پاکستانی ایتھلیٹ کا اولمپکس فائنل مقابلے میں گولڈ میڈل حاصل کرنا ملک و قوم کیلئے بڑا اعزاز ہے۔انہوں نے کہاکہ 40 سال بعد ارشد ندیم کی شاندار کارکردگی کی بدولت پاکستان نے اولمپکس میں گولڈ میڈل حاصل کر لیا،بلاشبہ ایتھلیٹ ارشد ندیم کی عمدہ کارکردگی نے دنیا میں ملک و قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔

گورنرنے کہاکہ ارشد ندیم نے فائنل مقابلے میں 92.97 میٹر تھرو کر کے عالمی ریکارڈ پاکستان کے نام کر دیا،اولمپکس نیزہ بازی مقابلے میں پاکستان کا عالمی ریکارڈ اور گولڈ میڈل حاصل کرنا باصلاحیت ایتھلیٹ ارشد ندیم کی محنت کا نتیجہ ہے، آج پوری قوم ارشد ندیم کی کامیابی اور اولمپکس مقابلوں میں سبز ہلالی پرچم سربلند ہونے کا جشن منا رہی ہے۔انہو ں نے کہاکہ 40 سال بعد ملک و قوم کو اولمپکس مقابلوں میں بڑا اعزاز اور بڑی خوشی حاصل ہوئی ہے، ارشد ندیم کی فائنل مقابلے میں فتح کیلئے پوری قوم نے دعائیں کی ہیں۔