بنکاک۔1دسمبر (اے پی پی):ڈبلیو بی او یوتھ ورلڈ چیمپئن پاکستانی باکسر عثمان وزیر نے اپنی انٹرنیشنل رینکنگ فائٹ جیت لی۔ بنکاک میں ہونے والی فائٹ میں عثمان وزیر نے تھائی حریف باکسر کو تیسرے راؤنڈ میں ہی ناک آوٹ کردیا۔پاکستانی باکسر عثمان وزیر نے تھائی حریف کو اس کے ہوم گراؤنڈ پر شکست دے کر تاریخ رقم کر دی۔
عثمان وزیر کے جارحانہ انداز کے سامنے تھائی باکسر بے بس ہوکر تیسرے راؤنڈ میں ناک آئوٹ ہوگئے۔ اس فتح کے ساتھ یوتھ ورلڈ چیمپئن باکسر عثمان وزیر نے اپنی 12ویں انٹرنیشنل فائٹ میں بھی ناقابل شکست رہنے کا اعزاز بھی برقرار رکھا۔
فائٹ جیتنے کے بعد پاکستانی باکسر عثمان وزیر نے کہا کہ وہ اپنی اس فتح پر بہت خوش ہیں ۔انہوں نے کہا کہ میں نے فائٹ میں کامیابی کے لئے بہت تیاری کی جس کا فائدہ فائٹ جیتنے کی صورت میں ہوا۔عثمان وزیر نے کہا کہ انٹرنیشنل رینکنگ فائٹ کے لئے کو چز نے بھرپور تیاری کروائی اور میں ان کا بے حد شکرگزار ہوں ۔
اس کے ساتھ ساتھ میری اس کامیابی کیلئے جن میرے پاکستانی بہن بھائیوں نے دعائیں کیں ان کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں بھی باکسنگ کے میدان میں مزید فتوحات حاصل کرتے ہوئے پاکستان کا پرچم سربلند رکھنے کی بھرپور کوشش کروں گا ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=415607