اسلام آباد ۔ 4 ستمبر (اے پی پی) پاکستان سے دوسرے ملکوں کو اشیاءکی برآمدات بڑھانے کےلئے موجودہ حکومت نے برآمدات آسان سکیم کا اجراءکر دیا ہے۔ اس سلسلہ میں چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کی زیر صدارت گزشتہ روز ایک اعلیٰ سطحی اجلاس ایف بی آر ہاوس میں منعقد ہوا جس میں چیئرمین کے علاوہ ممبر کسٹمز پالیسی جاوید غنی، ممبر کسٹمز آپریشن جواد اویس آغا، چیف کلکٹرز اور دیگر سینئر عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ مختلف مشکل اور متفرق ایکسپورٹ سکیموں کو آٹومیٹڈ سسٹم کے تحت کمپیوٹرائزڈ اور آسان بنا دیا گیا ہے۔ "برآمدات آسان” کے آٹومیٹڈ سسٹم میں سہولیات کی وجہ سے وقت میں بچت اور کاروبار کرنے میں آسانی ہو گی اور تاجروں اور کسٹم محکمہ کے افسران کے درمیان رابطہ میں بھی کمی آئے گی۔ اس سے پاکستان میں کاروبار کرنے میں آسانی اور کاروباری لاگت کی ریٹنگ میں بھی بہتری آئے گی۔ اجلاس میں برآمدات کے فروغ کے لئے ملک میں جاری مختلف برآمدی سکیموں پر غور کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ موجودہ برآمدی سکیمیں مکمل طور پر کمپیوٹرائزڈ کر دی گئی ہیں اور برآمد کنندگان کو درخواست دینے سے لے کر اس کی منظوری اور بعد ازاں اشیاءکی درآمد اور چیزیں تیار کر کے برآمد کرنے تک دفتر آنے کی ضرورت نہیں ہے۔