لاہور۔9مارچ (اے پی پی):وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر سیف الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستانی تاجر ”سعودی وژن 2030”کے تحت دستیاب وسیع مواقع سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں۔ سیف الرحمان 10رکنی وفد کے ہمراہ سعودی عرب کے 15روزہ دورے پر ہیں۔
اتوار کو اپنے ایک بیان میں سعودی عرب کے انقلابی اقتصادی منصوبے کے پوٹینشل کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کا مقصد سعودیہ کا تیل پر انحصار کم کرنا اور سیاحت، ٹیکنالوجی، بین الاقوامی معیار کے کھانوں و غذائی مصنوعات اور انفراسٹرکچر سمیت مختلف شعبوں میں ترقی کو فروغ دینا ہے۔
انہوں نے پاکستانی تاجروں پر زور دیا کہ وہ وژن 2030کے تحت سعودی عرب میں شراکت داری اور سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں کیونکہ یہ پاکستانی تاجروں کو کاروبار کے فروغ اور نئی منڈیوں تک رسائی کے مواقع فراہم کرتا ہے۔ سیف الرحمان نے کہا کہ سعودی تجارتی نمائشوں، کاروباری فورمز، اور نیٹ ورکنگ ایونٹس میں شرکت کے لیے بزنس کمیونٹی کی حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔
انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ ان مواقع سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کے لیے کردار ادا کرے اور تاجروں کو اس حوالے سے آگاہی اور سہولیات فراہم کرے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=570494