اسلام آباد۔17دسمبر (اے پی پی):پاکستان انجینئرنگ کونسل کے چیئرمین وسیم نذیر نے انجینئرنگ کے شعبے میں بنیادی اقدار کو عملی جامہ پہنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ پاکستانی تعمیراتی کمپنیوں کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مسابقت کو یقینی بنایا جاسکے۔
پاکستان انجینئرنگ کونسل کی جانب سے منگل کو جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں تعمیراتی منصوبوں کے سٹیک ہولڈرز کی مشاورتی ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ورکشاپ نے تعمیراتی منصوبوں میں سٹیک ہولڈرز کو درپیش مسائل اور چیلنجز کی نشاندہی کرنے کے لیے ترتیب دی گئی مخصوص ٹائم لائن اور ذمہ داریوں کے ساتھ قابل عمل حل تلاش کرنے کے لیے رجسٹریشن کے فریم ورک کا جائزہ لیا۔ ورکشاپ کے شرکاءنے تعمیراتی صنعت کے اہم مسائل پر غور کیا اور ریگولیٹری فریم ورک میں اصلاحات کے لیے سفارشات کا اشتراک کیا۔
بیان کے مطابق تعمیراتی منصوبوں میں روزگار کے مسائل کو بہتر بنانے کے لیے مختلف تجاویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاءنے پاکستان میں تعمیراتی شعبے کو درپیش مسائل پر بحث کے لیے فورم کی فراہمی میں پہل پر پاکستان انجینئرنگ کونسل کی تعریف کی۔ ورکشاپ میں انجینئر سید اشفاق حسین شاہ، انجینئر ارشد داد، انجینئر شاہد رفیع، انجینئر عمران چیمہ، ڈاکٹر طاہر مسعود، انجینئر عبدالقدیر اور انجینئر فرحت عادل بھی شامل تھے۔