پاکستانی حکومت، سیاسی جماعتیں اور عوام اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ ہیں، پاکستان نے ہر عالمی فورم پر کشمیر کا مقدمہ موثر انداز میں پیش کیا ہے، قمر زمان کائرہ کی پریس کانفرنس

114
قمر زمان کائرہ

اسلام آباد۔4اگست (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر اور گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ بھارت کبھی کشمیریوں کے حق خودارادیت کو ختم نہیں کرسکتا، پاکستانی حکومت، سیاسی جماعتیں اور عوام اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ ہیں، پاکستان نے ہر عالمی فورم پر کشمیر کا مقدمہ موثر انداز میں پیش کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو اسلام آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں کئی دہائیوں سے ظلم و جبر کی داستانیں رقم کیں، مقبوضہ کشمیر کو ایک بڑی جیل بنادیا گیا ہے۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ کشمیری عوام نے حق خودارادیت کے لئے زبردست قربانیاں دی ہیں، بھارت کبھی بھی کشمیریوں کی آزادی کی تحریک کو ختم نہیں کرسکتا، بھارت اپنے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنا چاہتا ہے، ہم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی قربانیوں اور عظمت کو سلام پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو کشمیر کے مقدمہ سے روشناس کرانے کی ضرورت ہے، کشمیر کی آزادی پاکستان کی آزادی کی تکمیل کے لئے ضروری ہے، مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کا موقف ایک ہے، تنازعہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان بنیادی مسئلہ ہے، پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت جاری رکھے گا، پاکستان نے ہمیشہ تنازعہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کیا ہے۔

اس موقع پر حریت کانفرنس کے رہنما محمد فاروق رحمانی نے کہا کہ برسر جدوجہد کشمیریوں کی حق خودارادیت کی تحریک کی حمایت پر پاکستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کو ایک یوم سیاہ کے طور پر یاد رکھا جائے گا، کشمیر کی جداگانہ حیثیت ختم کرنے کا اختیار بھارت کے پاس نہیں۔ انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کے حل کا واحد راستہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق رائے شماری ہے۔