اسلام آباد۔30اگست (اے پی پی):پاکستان کی حکومت اور عوام نےجمہوریہ ترکیہ کے یوم فتح کی 100 ویں سالگرہ کے موقع پر ترکیہ کے برادر عوام اور حکومت کے لئے اپنی مستقل یکجہتی اور غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے منگل کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سو سال قبل آج کے دن عظیم ترک قوم نے غیر ملکی قبضے اور سامراج کو شکست دے کر حتمی فتح حاصل کی۔ بیان کے مطابق ترک قوم کے بے مثال عزم، حوصلے اور اتحاد نے ترکیہ کی آزادی اور قومی خودمختاری کی بنیاد ڈالی۔
اس موقع پر ہم عظیم مصطفی کمال اتاترک کو خصوصی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے ہم وطنوں کو دنیا کی تاریخ کی سب سے شاندار فتوحات سے متاثر کیا اور ان کی رہنمائی کی۔ ترجمان کے مطابق جنگ آزادی کے ذریعے غیر ملکی تسلط کے خلاف اپنی بہادرانہ جدوجہد میں بہادر ترک قوم کی جنوبی ایشیا کے مسلمانوں نے دل و جان سے حمایت کی۔