24.1 C
Islamabad
اتوار, اگست 31, 2025
ہومقومی خبریںپاکستانی خاتون پولیس آفیسر کا شاندار اعزاز، ورلڈ پولیس سمٹ کا بین...

پاکستانی خاتون پولیس آفیسر کا شاندار اعزاز، ورلڈ پولیس سمٹ کا بین الاقوامی ایوارڈ جیت لیا

- Advertisement -

لاہور۔17مئی (اے پی پی):پاکستانی خاتون پولیس آفیسر نے شاندار اعزازحاصل کرتے ہوئے ورلڈ پولیس سمٹ کا بین الاقوامی ایوارڈ جیت لیا،اے ایس پی انعم شیر خان کو کریمینل انویسٹی گیشن میں شاندار کارکردگی کیٹیگری میں اول پوزیشن حاصل کرنے پر ایوارڈ دیا گیا۔

ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ کمانڈر ان چیف دبئی پولیس نے ورلڈ ٹریڈ سنٹر دبئی میں منعقدہ تقریب میں اے ایس پی انعم شیر خان کو بین الاقوامی ایوارڈ سے نوازا،ورلڈ پولیس سمٹ ایوارڈز کیلئے 192 ممالک کے پولیس افسران کی مختلف کیٹیگریز میں غیر معمولی کارکردگی زیر غور آئی اورانعم شیر خان کو یہ اعزاز پنجاب کے دو اہم کیسز کو کامیابی سے حل کرنے پر دیا گیا۔ پہلے کیس میں انعم شیر خان نے بارہ سالہ گھریلو ملازمہ عائشہ بی بی کے قتل کی تفتیش کی جسے بے دردی سے قتل کر دیا گیا تھا، ان کی نگرامی میں سرگودھا پولیس نے 72 گھنٹوں میں ملزمان کو گرفتار کر لیا تھا جبکہ دوسرے کیس میں انعم شیر خان نے نوجوان محسن کے قتل میں ملوث افراد کی گرفتاری24 گھنٹوں میں ممکن بنائی تھی۔

- Advertisement -

انعم شیر خان کو پنجاب پولیس کی جانب سے تعریفی اسناد اور اعزازات دیئے جاچکے ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اے ایس پی انعم شیر خان کو دنیا بھر میں پاکستان اور پنجاب پولیس کا نام روشن کرنے پر مبارکباد اور شاباش دی ہے۔آئی جی نے کہا کہ پنجاب پولیس کے افسران کا عالمی سطح پر اعزازات کیلئے منتخب ہونا پاکستان پولیس سروس کیلئے فخر کی بات ہے،اے ایس پی انعم شیرخان جیسی باصلاحیت افسران مستقبل میں پولیس لیڈر شپ کیلئے اہم رول ادا کریں گی۔

ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ ورلڈ پولیس سمٹ دنیا بھر میں پولیس لیڈرز کے حوالے سے سب سے بڑی، موثر اور پروفیشنل تنظیم ہے،دنیا بھر سے ہر سال اپنے اپنے شعبوں میں تعمیر وترقی اور قائدانہ کردار کے مالک پولیس افسران کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ ایوارڈز کمیٹی نے سخت ترین سکروٹنی اور انٹرویو کے بعد پنجاب پولیس کے 2 افسران کو ایوارڈ ونرز کے طور پر شارٹ لسٹ کیا تھا۔ترجمان نے مزید بتایا کہ ڈی پی او قصور محمد عیسی خان کو ”پولیسنگ میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے بہترین استعمال پرکیٹیگری میں اعلی کارکردگی پر دوسری پوزیشن کا حقدار قرار دیا گیا۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں