پاکستان کی خواتین صنفی تفریق اور غیر مساوی مواقع کے باوجود تمام شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں،شزہ فاطمہ خواجہ

217
Shiza Fatima

اسلام آباد۔8مارچ (اے پی پی):وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی خواتین صنفی تفریق اور غیر مساوی مواقع کے باوجود تمام شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں،وزیراعظم یوتھ پروگرام خواتین اور لڑکیوں کو مختلف پروگراموں میں حصہ لینے اور اس سے مستفید ہونے کا مساوی مواقع فراہم کررہا ہے۔ بدھ کو خواتین کے عالمی دن کے موقع پر انہوں نے اپنے پیغام میں کہاکہ آج خواتین کے عالمی دن کے موقع پر میں پاکستان کی ان تمام مستحق خواتین کو نیک خواہشات بھیجنا چاہوں گی جو پاکستان کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں۔

دنیا بھر کی خواتین رکاوٹوں کو توڑ کر اپنے عزم اور ارادے کے ذریعے آسمانوں کو چھو رہی ہیں۔ پاکستان کی خواتین صنفی فرق اور غیر مساوی مواقع کے باوجود ہر میدان میں دنیا کو فتح کر رہی ہیں۔ پاکستان کی خواتین نے سیاست، کھیل، سائنس اور ٹیکنالوجی سے لے کر زندگی کے ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ آج کا دن ہم ان تمام خواتین کو مناتے ہیں، جو پاکستان میں خواتین کو بااختیار بنانے کی علمبردار ہیں اور تھیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم یوتھ پروگرام نے خواتین کے لیے مخصوص کوٹہ مختص کیا ہےتا کہ خواتین اور لڑکیوں کو اس کے فراہم کردہ مختلف پروگراموں میں حصہ لینے اور اس سے مستفید ہونے کا مساوی موقع ملے۔

ہمارے پاس ان خواتین کی کامیابی کی کہانیاں ہیں جنہوں نے وزیراعظم یوتھ لون سکیم سے قرض لیا ہے اور اپنے سٹارٹ اپ شروع کیے ہیں، اور وہ خواتین جو اپنے سیلون، پارلر، ڈیری فارم، سکول اور ٹیوشن سینٹرز شروع کرتی ہیں۔ یہاں تک کہ ان لیپ ٹاپ کے ذریعے لڑکیوں نے بھی فری لانسنگ شروع کر دی ہے اور گھر بیٹھ کرکمانا شروع کر دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ان تمام کامیابیوں کی کہانیوں کو سامنے رکھتے ہوئے پرائم منسٹر یوتھ پروگرام نے خواتین کے لیے کوٹہ مختص کیا ہے جیسے لون اسکیم میں 25فیصد کوٹہ اور لیپ ٹاپ اسکیم کے لیے 50فیصد کوٹہ مختص کیاگیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ خواتین بڑھیں گی اور اپنے، اپنے خاندانوں، اپنی برادریوں اور اپنی آنے والی نسلوں کی وکالت کریں گی۔

قوم کی ترقی کے لیے قوم کی خواتین کو فائدہ پہنچانا ضروری ہے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام اپنی "لڑکیاں سیکھیں، لڑکیاں کمائیں” کے تحت خواتین کو شامل کرنے اور بااختیار بنانے کے لیے ہر پروگرام کو ڈیزائن کرنے کی بھرپور کوششیں کر رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ بحیثیت عورت وہ اس بات سے واقف ہیں کہ خواتین کو اپنے مقاصد کے حصول کے لیے کتنے اضافی مسائل سے گزرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ گھروں اور باہر کام کرنے والی تمام خواتین کو "عورتوں کا دن”بہت بہت مبارک ہوں۔