پاکستانی زائرین کے 127 رکنی گروپ کی حضرت مجدد الف ثانی رحمۃ اللہ علیہ کے سالانہ عرس میں شرکت

56

نئی دہلی۔14ستمبر (اے پی پی):پاکستانی زائرین کے 127 رکنی گروپ نے بدھ کو بھارت کےشہر سرہند شریف میں عظیم صوفی بزرگ حضرت مجدد الف ثانی رحمۃ اللہ علیہ کے سالانہ عرس میں شرکت کی اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔

وزات مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق ہندوستان میں پاکستان کے ناظم الامور اعزاز خان بھی اپنی تحریروں کے ذریعے اسلام کو زندہ کرنے والے 16 ویں صدی کے اسلامی سکالر کے مزار پر حاضری دینے کے لیے 410 ویں عرس میں شامل ہوئے۔ 127 پاکستانی زائرین نے ہندوستان میں حضرت مجدد الف ثانی رحمۃ اللہ علیہ کے عرس میں شرکت کی۔ زائرین کے وفد نے پاکستانی عوام اور حکومت کی جانب سے روایتی چادر چڑھائی۔

انہوں نے زائرین کو سہولت فراہم کرنے پر مزار کے نگران خلیفہ سید محمد صادق رضا اور مقامی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ ہر سال پاکستانی زائرین 1974 کے ہندوستان-پاکستان پروٹوکول کے فریم ورک کے تحت انڈیا میں موجود حضرت مجدد الف ثانی رحمۃ اللہ علیہ اور دیگر بزرگان دین کے سالانہ عرسوں میں شرکت کرتے ہیں اور مذہبی مقامات کی زیارت کرتے ہیں۔