پاکستانی سالٹ مینوفیکچررز کی گلف فوڈنمائش میں پذیرائی،ویلیوایڈڈ نمک مصنوعات کی برآمدات کے امکانات روشن

97
salt

کراچی۔ 22 فروری (اے پی پی):پاکستانی سالٹ مینوفیکچررز کودبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں منعقد ہونے والی فوڈزاور بیوریج کی سب سے بڑی نمائش گلف فوڈ 2024 میں زبردست پذیرائی حاصل ہوئی ہے، پاکستانی نمک کی مصنوعات اپنے اعلی معیار کی وجہ سے توجہ کا مرکز بنی رہیں جس سے نمک کی ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی برآمدات کے وسیع امکانات روشن ہوگئے ہیں۔

جمعرات کو یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستانی سالٹ مینوفیکچررز نے دنیا کے بہترین نمک کے ذخائر رکھنے کے حوالے سے پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس ایونٹ کے ذریعے پاکستانی سالٹ مینوفیکچررز کو اختراعات کی نمائش اور عالمی روابط قائم کرنے کے لیے ایک مستحکم پلیٹ فارم میسر آیا جہاں پاکستانی سالٹ مینوفیکچررز نے اعلی ترین مصنوعات کے ساتھ مرکزی حیثیت اور توجہ حاصل کی جس سے پریمیئم نمک کی عالمی مانگ کو پورا کرنے کے پاکستان کے عزم کو تقویت ملی۔

گلف فوڈ2024میں سالٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن آف پاکستان(ایس ایم اے پی)کے قائم مقام چیئرمین اور پاکستان کی ایک معروف سالٹ مینوفیکچرنگ کمپنی کی نمائندگی قاسم یعقوب پراچہ نے کی۔انہوں نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ نمائش ہماری توقعات سے بڑھ کر ثابت ہوئی جہاں ملنے والے زبردست پذیرائی اور رابطوں نے ہمارے کاروبار کی نئی راہیں کھول دی ہیں،ہمیں پاکستان کی نمائندگی کرنے اور سالٹ انڈسٹری کی عالمی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنے پر فخر ہے۔

سالٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن آف پاکستان نمک کے برآمد کنندگان کی عالمی مارکیٹوں میں مسلسل کامیابی کے لیے بین الاقوامی معیارات کے مطابق ویلیو ایڈیشن کے ذریعے مصنوعات کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتا ہے اورگلف فوڈ جیسے سالانہ ایونٹس کے دوران یہ توجہ بہت اہم ہے۔گلف فوڈ2024میں پاکستانی سالٹ مینوفیکچررز کی کامیابی کو تسلیم کرتے ہوئے ہم عالمی ترقی اور شناخت کو فروغ دینے کے لیے اس باوقار بین الاقوامی ایونٹ میں شرکت یقینی بنانے پر ٹڈاپ کے اہم کردار کو تسلیم کرتے ہیں۔

ٹڈاپ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر زبیر موتی والا نے نمائش کے دورے کے موقع پر پاکستان کے سالٹ ایکسپورٹرز کو درپیش مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے ٹریڈ کو بڑھانے پر زور دیا۔ان کا کہنا تھا کہ وہ نمک کی ویلیوایڈڈ مصنوعات کی برآمدات کے فروغ کے حوالے سے سالٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے ساتھ اپنا ہر ممکن تعاون پیش کریں گے۔