پاکستانی سفارتخانہ ابو ظہبی میں محمد علی بندیال کے ناول ‘آئی ڈریم آف رین’ کی تقریب رونمائی

84
پاکستانی سفارتخانہ ابو ظہبی میں محمد علی بندیال کے ناول 'آئی ڈریم آف رین' کی تقریب رونمائی

اسلام آباد۔28جنوری (اے پی پی):پاکستانی سفارتخانہ ابو ظہبی میں محمد علی بندیال کے ناول ‘آئی ڈریم آف رین’ کی تقریب رونمائی کا انعقاد کیا گیا ۔ پاکستانی سفارتخانہ ابو ظہبی کے پریس سیکشن سے جاری پریس ریلیز کے مطابق نوجوان پاکستانی ادیب محمد علی بندیال کے ناول کو ایمریٹس لٹریچر فیسٹیول کیلئے منتخب کیا گیا ہے

ناول کی تقریب رونمائی کے موقع پر متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے کتاب مصنف کے تخلیقی ادب کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں قومی اور علاقائی زبانوں میں بہترین ادب تخلیق کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ادیب نا صرف قومی اور علاقائی زبانوں میں ادب تخلیق کر رہے ہیں بلکہ اس کے ساتھ ساتھ انگریزی زبان میں بھی انتہائی اعلیٰ قسم کا ادب تخلیق کیا جا رہا ہے جس کو دنیا بھر میں سراہا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ علاقائی اورقومی زبان میں ادب کی اپنی اہمیت ہے تاہم انگریزی زبان میں تحریر کردہ ادبی فن پاروں کو بین الاقوامی پذیرائی حاصل ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نثر اورشاعری کسی بھی ثقافت کو دنیا میں متعارف کرانے کا ایک موثر ذریعہ ہے ، پاکستان کی ثقافتی تاریخ 7ہزار سال قدیم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سرزمین انڈس سول لائیزیشن اور گندھارا تہذیب کی امین ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا خطہ موہنجوداڑو ، ہڑپا تہذیبوں اور تخت بھائی میں بدھ مت کی قدیم تاریخ سمیت مغل سلطنت کی نشانیوں بادشاہی مسجد سمیت شاہی قلعہ لاہور کی بھی وارث ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں دنیا بھر کی 8 ہزار میٹر سے بلند 5 پہاڑی چوٹیاں بھی پائی جاتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے ملک 70 سے زیادہ زبانیں بولی اور سمجھی جاتی ہیں۔

محمد علی بندیال نے کہا کہ یہ زبانیں ادبی خزانوں کی امین ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں نوجوان ادیب کی تخلیق کو بہترین تاریخی اور ثقافتی ادب کا نمونہ قرار دیتا ہوں۔ تقریب رونمائی میں مختلف ممالک کے سفارت کاروں ، کاروباری و تاجر برادری اور میڈیا سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔