ابوظہبی۔19نومبر (اے پی پی):متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفارتخانے نے یو اے ای کی حکومت کی طرف سے پاکستانی شہریوں پر ویزا پابندیاں عائد کرنے کی وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے دستاویز شیئر کرنے سے متعلق حالیہ میڈیا رپورٹس کو غلط قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔
ابوظہبی میں پاکستانی سفارتخانہ کی جانب سے منگل کو جاری بیان کے مطابق اس ضمن میں دعوے حقیقتاً غلط ہیں، متحدہ عرب امارات کے حکام نے ایسی کوئی دستاویز شیئر نہیں کی۔ پاکستان کے متحدہ عرب امارات کے ساتھ مضبوط اور خوشگوار تعلقات ہیں اور دونوں حکومتیں باہمی تشویش کے کسی بھی مسئلہ کو باضابطہ چینلز اور تعمیری بات چیت کے ذریعے حل کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیاہے کہ سفارت خانہ متحدہ عرب امارات میں پاکستانی شہریوں کے مفادات کے تحفظ کے لیے پوری طرح پرعزم ہے اور دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے متحدہ عرب امارات کے حکام کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔