پاکستانی سفارت خانہ ابوظہبی میں نو تعمیر شدہ قونصلر ہالز کا افتتاح ، سفیر کا قونصلر خدمات کی مستعد فراہمی کے عزم کا اعادہ

230
Pakistani Embassy Abu Dhabi
Pakistani Embassy Abu Dhabi

ابوظہبی ۔31اکتوبر (اے پی پی):پاکستان سفارت خانہ ابوظہبی میں نئے تعمیر اور تزئین و آرائش شدہ قونصلر ہالز کا افتتاح کر دیا گیا ہے ۔ یہ حکومت پاکستان اور متحدہ عرب امارات کی ایک معروف ایکسچینج کمپنی الانصاری ایکسچینج کی مشترکہ کاوش تھی جو تارکین وطن برادری سمیت متحدہ عرب امارات کے رہائشیوں کو مالی خدمات فراہم کرتی ہے۔ سفارتخانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی اور الانصاری ایکسچینج کے سی ای او راشد الانصاری نے افتتاحی تختی کی نقاب کشائی کی اور قونصلر ہالز کے پاسپورٹ اور تصدیقی حصے کا دورہ کیا۔ تقریب میں پاکستانی برادری کے ارکان اور اماراتی شہریوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سفیر فیصل ترمذی نے پاکستانی تارکین وطن کو موثر اور سازگار اور پرامن ماحول میں قونصلر خدمات کی فراہمی کے لیے حکومت پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے عندیہ دیا کہ ان ہالز کو کیو مینجمنٹ سسٹم (کیو ایم ایس) سے بھی لیس کیا گیا ہے اور بیٹھنے کی گنجائش کو دوگنا کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے منصوبے کی تکمیل پر مسرت اور اطمینان کا اظہار کیا اور الانصاری ایکسچینج کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔

الانصاری ایکسچینج کے سی ای او راشد الانصاری نے منصوبہ میں شامل افراد کی مشترکہ کوششوں اور محنت کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ متحدہ عرب امارات کے متعدد اداروں کے قیام میں ان کے کردار پر پاکستانی برادری کی تعریف کی۔ انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لیے سفارت خانے کے ساتھ مل کر کام کرنے کے الانصاری ایکسچینج کے عزم کا اعادہ کیا ۔