پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی نےچائنا یوریشیا ایکسپو میں پاکستان پویلین کا افتتاح کیا، پاکستانی آم کی مقبولیت نے پاکستان کی زرعی ترقی کو اجاگر کیا

5
Pakistani Ambassador Khalil Hashmi
Pakistani Ambassador Khalil Hashmi

اسلام آباد/بیجنگ۔29جون (اے پی پی):چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے سنکیانگ پیپلز گورنمنٹ کے وائس چیئرمین ژو لیفان کے ہمراہ اورمچی میں منعقدہ چائنا یوریشیا ایکسپو میں پاکستان پویلین کا افتتاح کیا، پاکستانی آم کی مقبولیت نے پاکستان کی زرعی ترقی کو اجاگر کیا ۔بیجنگ سے اتوار کو یہاں موصولہ پریس ریلیز کے مطابق نمائش کی ایک اور خاص بات نیشنل لاجسٹک کارپوریشن اور گرین پاکستان انیشیٹو کی جانب سے پہلی بار ایکسپو میں شرکت بھی ہے ۔

پاکستان پویلین نے ملک کے ثقافتی ورثے اور مینوفیکچرنگ کی صلاحیتوں کی عکاسی کرتے ہوئے زیورات، چمڑے کی ملبوسات، لگژری بیگز اور ملبوسات سمیت متعدد مصنوعات کی نمائش کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی نے ژو لیفان کو پاک چین مضبوط تعلقات اور سنکیانگ سمیت چین کے ساتھ تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات بڑھانے پر پاکستان کی ترجیحات اور اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے وائس چیئرمین کو پاکستانی مصنوعات کے اعلیٰ معیار کے بارے میں بتاتے ہوئے پویلین کا دورہ بھی کروایا۔

چینی مہمان نے بھی پاکستانی آموں کے ذائقے کی تعریف کی۔ پاکستان کے سفیر نے این ایل سی کے کام ، پاکستان اور چین کے درمیان سرحدی انضمام کی فعالیت کو یقینی بنانے میں اس کے کردار کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے مسٹر ژو کو گرین پاکستان انیشی ایٹو اور سنکیانگ کے ساتھ عوام سے عوام کے تعلقات کو مزید بڑھانے میں اس کے کردار کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔سنکیانگ میں اپنے قیام کے دوران سفیر خلیل ہاشمی نے سنکیانگ کی قیادت سے بھی ملاقات کی، چینی کاروباری اداروں اور میڈیا سے بات چیت کی اور حبیب بینک لمیٹڈ کی ارومچی برانچ کا دورہ بھی کیا۔