برسلز۔1اپریل (اے پی پی):بیلجئیم، لکسمبرگ اور یورپی یونین میں پاکستان کے سفیر رحیم حیات قریشی نے بیلجیم کی وزارت خارجہ کے پروٹوکول کے سربراہ سفیر پیئر کارٹویلز کو اپنی سفارتی اسناد کی نقول پیش کیں۔
یہاں جاری بیان کے مطابق پاکستان کے سفیر رحیم حیات قریشی پاکستان کے نمائندے کے طور پر بیلجیم، گرینڈ ڈچی آف لکسمبرگ اور یورپی یونین میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔اس موقع پر دونوں اطراف نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا اور پاکستان اور بیلجیم کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
رحیم حیات قریشی نے تجارت، سرمایہ کاری، ترقی، تعلیم اور ثقافتی تبادلے جیسے شعبوں میں تعاون کو گہرا کرنے پر زور دیا۔ سفیر کارٹویلز نے پاکستانی سفیر کا خیرمقدم کیا اور پاکستان کے ساتھ کثیرالجہتی تعاون کو فروغ دینے میں بیلجیم کی مستقل دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے سفارتی رابطوں کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔
دونوں شخصیات نے دوطرفہ تعلقات کی مضبوط بنیاد کو سراہا اور دوطرفہ و کثیرالجہتی سطح پر اشتراک کو وسعت دینے پر امید کا اظہار کیا۔پاکستانی سفیر نے اعتماد کا اظہار کیا کہ باقاعدہ مکالمہ اور تعمیری تعاون کے ذریعے پاکستان اور بیلجیم کے درمیان شراکت داری مزید پروان چڑھے گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=577832